ہف شرمال شوپیان انکوانٹر | ملی ٹینٹ فرار،20گھنٹے کے بعدمحاصرہ ختم

شاہد ٹاک
شوپیان //ہف شرمال شوپیان میں مختصر گولیوںکے تبادلے کے بعد جنگجو فرار ہونے میںکامیاب ہو گئے ۔ ہف شرمال میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس نے44آر آر اور 178بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ مشترکہ طور پر سنیچر کو آپریشن کیا۔پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ میوہ باغات میں کم سے کم 2ملی ٹینٹ موجود ہیںاور قریب سوا سات بجے ٹاٹا موبائل کا استعمال کر کے فوجی اہلکار گائوں میں داخل ہوئے جن پر ملی ٹینٹوں نے فائرنگ کی اور ملی ٹینٹ میوہ باغات میں چھپ گئے۔پولیس نے کہا کہ ٹھیک ساڑھے سات بجے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا جس کے بعد مکمل خاموشی چھا گئی۔سیکورٹی فورسز نے وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے تھے۔سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کیخلاف آپریشن اتوار کی صبح تک ملتوی کردیا اور میوہ باغات کے اردگرد روشنی کا انتظام کیا گیا ۔ اتوار کی صبح بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا جو 20گھنٹے تک جاری رہا لیکن میوہ باغات میں ملی ٹینٹوں کیساتھ سیکورٹی فورسز کا آمنا سامنا نہیں ہوا۔پولیس نے بتایا کہ انہیں خدشہ ہے کہ سنیچر کی شام ابتدائی فائرنگ کے دوران ہی ملی ٹینٹ فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔اتوار کی سہ پہر کو تلاشی آپریشن ختم کیا گیا۔