ہسپلوٹ پنچایت میں تعمیر کیا گیا کھیل کا میدان کھیت میں تبدیل فنڈز خرچ ہونے کے بعد زمین مالک پر مکئی کی بوائی کرنے کا الزام

عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کی پنچایت پراپر ہسپلوٹ کے وارڈ نمبر 3 نمبل کلیاں میں محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے گزشتہ سال سرکاری پیسہ کے اخراجات پر ٹینڈر ہونے کے بعد ٹھیکیدار کے ذریعے بچوں کے کھیل کودکیلئے ایک کھیل کا میدان تعمیر کیا گیا تھاجس پر تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے لاگت آئی تھی۔ مکینوں نے بتایا کہ اس گروانڈ کے افتتاح کے موقع پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی میں ایک میچ بھی کروایا گیا تاہم کچھ ہی عرصہ بعد سرکاری پیسے اور اعلیٰ حکام کی پرواہ نہ کرتے ہوئے زمین مالکان نے اس گراؤنڈ کو اس سال مکئی کے کھیت میں تبدیل کر دیا ہے ۔مکینوں نے متعلقہ محکمہ کے ملازمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ زمین مالکان کامبینہ طورپر ساتھ دے رہے ہیں۔

 

 

انھوں نے سرکاری رقومات کو جان بوجھ کر خرد برد کرنیکا بھی الزام عائد کیا ۔مکینوں اور بچوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کھیلنے کے لئے جگہ نہیںہے اگر وہ گراؤنڈ میں کھیلنے کیلئے جاتے ہیں تو انھیں وہاں سے مار کے بھگا دیا جاتا ہے اور اب وہ سڑک پر کھیلنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ زمین مالکان نے گورنمنٹ کے پیسے کا ناجائز استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ کا بورڈ زمین مالکان نے اٹھا کر اپنے گھر میں رکھا ہوا تھا لیکن جب انہیں معلوم ہوا کہ میڈیا کی ٹیم اس جگہ کا دورہ کر رہی ہے تو فوری طور پر گراؤنڈ کے بورڈ کو اس کی جگہ پر نصب کر دیا گیا۔اس سلسلے میں جب پنچایت پراپر ہسپلوٹ کے سرپنچ محمد رشید سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال زمین مالکان سے کھیل کے میدان کے لئے جگہ لی گئی جس کے لئے گورنمنٹ نے فنڈ بھی واگزارکئے تھے تاہم زمین مالکان کا کہنا تھا کہ 6 ماہ کے لئے وہ اس جگہ پر بچوں کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے کیونکہ اس سے آس پاس کی فصلوں کو نقصان پہنچتا ہے لیکن اس سال انھوں نے کسی کی پرواہ کئے بغیر اس میدان کو مکئی کے کھیت میںتبدیل کر دیا ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک بات ہے۔ سرپنچ موصوف نے مزید کہا کہ اس پنچایت میں متعدد جگہوں پر لوگوں نے سڑکوں کو بھی کھیت بنا دیا ہے جن پر گورنمنٹ کے خزانے سے رقومات خرچ ہوئی ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں۔ گاؤں کے بچوں کے ساتھ متعلقہ سرپنچ اور دیگر مکینوں نے سرکار اور ضلع انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس میدان کو فوری طور پر واگزار کرانے کے احکامات جاری کرے تاکہ بچے یہاں آسانی کے ساتھ کھیل کود کو جاری رکھ سکیں۔