’ ہر گھر ترنگا ‘مہم شروع  | ملی ٹینسی دفن کرنیکا وقت آگیا،کچھ لوگوں کی آنکھوں پر سیاہ چشمے،ترقی نظرنہیں آتی | نوجوانوں نے پتھر چھوڑے، ترنگا تھاما ۔75 ہوم سٹے( گھر رہائش) چالو، 200کا ٹارگٹ، 25 ڈی ڈی سی/ بی ڈی سی عمارتوں کا سنگ بنیاد، 1000 امرت سرووروں کا افتتاح

نیوز ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز یونین ٹریٹری میں قیام امن کو یقینی بنانے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔
ایس کے آئی سی سی تقریب
لیفٹیننٹ گورنر نے ہفتے کے روز ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا’’ وقت آگیا ہے کہ ہم سب متحد ہو کر امن قائم کریں اب سے ایک برس کے اندر ہم جموں و کشمیر میں ملی ٹنسی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکیں گے‘‘۔سنہا نے کہا کہ امن کے بغیر دنیا کے کسی بھی گوشے میں ترقی ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا: ’کچھ لوگوں نے سیاہ چشمے لگا رکھے ہیں جنہیں جموں و کشمیر کی ترقی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع ہماری مقدس ذمہ داری ہے اور اگر ہمیں اپنا سب کچھ قربان کرنا پڑے تو ہم تیار ہیں۔کچھ لوگ پڑوسی ملک کے کہنے پر جموں و کشمیر میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ پڑوسی ملک جو خود بدحالی میں جی رہا ہے، جموں و کشمیر کے لوگوں کا کوئی بھلا نہیں کر سکتا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اگست 2019 میں وزیر اعظم نے یوٹی کو ترقی اور خوشحالی کی نئی صبح کا تحفہ دیا۔ 70 سالوں سے، جموں و کشمیر کا سماجی و اقتصادی نظام سنگین بحران کا سامنا کر رہا تھا اور پچھلے تین سالوں میں، یوٹی نے دیہاتوں اور شہروں کے درمیان فاصلہ کو کم کرنے کی سمت میں بہت بڑی پیش رفت حاصل کی ہے جو کہ گزشتہ 7 دہائیوں میں صرف بڑھی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یونین ٹریٹری میں دو اے آئی آئی ایم، میڈیکل کالجوں اور کینسر ہسپتالوں کی تعمیر کا کام شد ومد سے جاری ہے اور آئندہ سال کشمیر کو ٹرین کے ذریعے کنیا کماری کے ساتھ جوڑا جائے گا۔موصوف نے کہا کہ جموں و کشمیر ملک کا تاج ہے لیکن بعض عناصر نے اس خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشیں کیں۔انہوں نے کہا’’ہم خطے کی شان رفتہ کو بحال کرنے کے لئے پر عزم ہیں اور آج پلوامہ میں دس ہزار نوجوان ہاتھوں میں ترنگے لئے ہوئے ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ یہی صورتحال ضلع شوپیاں اور وادی کے دوسرے اضلا ع کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا بغیر کسی دباوٗ کے ہو رہا ہے اور نوجوان خوشی سے ترنگے اٹھا رہے ہیں۔سنہا نے کہا کہ لیکن کچھ لوگ اس تبدیلی کو دیکھ نہیں پا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایک بھی شہری از جان نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم مجرم کو مت چھوڑو اور بے قصور کو مت چھیڑو کی پالیسی پر برابر گامزن ہیں۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں میں تبدیلی آئی ہے جو ہاتھوں میں پتھر اٹھاتے تھے آج وہ امن عمل میں شریک ہو رہے ہیں۔
ہوم سٹے
لیفٹیننٹ گورنرنے آزادی کے 75 ویں سال میں ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کی یاد میں دیہی علاقوں میں 75 ہوم اسٹے کا آغاز کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ملک کی سرکردہ ٹریول ٹیک کمپنی OYO گروپ JKRLM کے ساتھ مل کر جموں کشمیر میں دیہی معاش کو بڑھانے کے لیے دسمبر 2022 تک مزید 200 ہوم اسٹے بنائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بہت کم وقت میں سیلف ہیلپ گروپس جموں کشمیر میں خواتین کو بااختیار بنانے اور سماجی و اقتصادی تبدیلی کے لیے ایک طاقتور ہتھیار کے طور پر ابھرے ہیں۔UMEED پروگرام کے بینر تلے، JKRLM دیہی خواتین کاروباریوں کو بااختیار بنا رہا ہے۔OYO کے ساتھ شراکت داری اور ٹورسٹ ویلج نیٹ ورک کا آغاز، جس میں مشن یوتھ نے جموں، اور کشمیر دونوں ڈویڑنوں کے تحت ایسے 75 گاؤں کا انتخاب کیا ہے، جو اپنے منفرد منظر نامے، ثقافتی تنوع اور ورثے کی قدر کے لیے مشہور ہیں، سیاحت کو وسعت دینے میں ایک طویل سفر طے کرے گا۔قدرتی خوبصورتی، زمین کی تزئین، ثقافتی تنوع اور ورثے کے پیرامیٹرز پر شناخت شدہ، 75 نئے ہوم اسٹے جموں کے ادھم پور، پونچھ، ڈوڈہ، کٹھوعہ اور کشتواڑ اضلاع اور وادی کشمیر کے اننت ناگ، بارہمولہ، بانڈی پورہ اور سرینگر کے اضلاع میں ہیں۔
بی ڈی سی/ڈی ڈی سی عمارتیں
منوج سنہا نے تقریب میں 25 ڈی ڈی سی، بی ڈی سی عمارتوں کا سنگ بنیاد رکھا اور جموں و کشمیر یو ٹی بھر میں 1000 امرت سرووروں کا افتتاح کیا۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ 73ویں اور 74ویں آئینی ترامیم کے نفاذ نے جموں و کشمیر میں نچلی سطح پر جمہوریت کو ایک نئی زندگی دی ہے۔’’ہم گرام سوراج کے ذریعے مہاتما گاندھی کے پورن سوراج کے خواب کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہاکہ اگرچہ تین درجاتی نظام کو UT میں دیر سے نافذ کیا گیا تھا، جموں و کشمیر اس نظام میں ایک بہترین اور موثر مثال کے طور پر ابھرا ہے اور آج DDCs اور BDCs کے دفاتر کو ادارہ جاتی بنانے کی طرف قدم بڑھایا گیا ہے۔مجموعی طور پر محکمہ دیہی ترقی نے 20 ڈی ڈی سی اور 285 بی ڈی سی دفاتر کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔ کشمیر ڈویژن میں 137 بی ڈی سی دفاتر اور جموں ڈویژن میں 148 بی ڈی سی دفاتر قائم کیے جائیں گے۔
امرت سروور
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ وقت کے اندر امرت سرووروں کی تعمیر اور اس کی تجدید میں کامیاب رہی ہے اور مشن امرت سروور کے تحت مقررہ ہدف سے کہیں زیادہ ہے جس کا افتتاح وزیر اعظم نے کیا تھا۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا، ’’تخلیق کی رفتار، آبی ذخائر کی بحالی اتنی ہی تیز ہے کہ ہر ضلع میں وزیر اعظم کے 75 امرت سروور کے وژن کو پورا کیا جاسکے‘‘۔یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ 3444 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے اور 1500 سرووروں پر کام شروع کیا گیا ہے اور 1000 سروور مکمل ہوچکے ہیں، لیفٹیننٹ گورنر نے تمام اسٹیک ہولڈرز اور عام شہریوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے وزیر اعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنایا۔اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ ہماری روایت اور ثقافت پانی کو پاکیزگی اور زندگی کی علامت کے طور پر شناخت کرتی ہے، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ امرت سروور کسانوں اور دیگر سرگرمیوں میں مصروف تمام لوگوں کے لیے معاشی تحفظ اور خوشحالی کا ایک نیا ماحول پیدا کریں گے کیونکہ یہ آبی ذخائر کام کریں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے پی آر آئی ممبران پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں مزید امرت سرووروں کو ازسر نو جوان اور ترقی دیںاس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے انتظامیہ کے منفرد اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جنہوں نے UT میں عوامی خدمات کی فراہمی میں انقلاب برپا کیا ہے اور نظام میں شفافیت اور جوابدہی کو بڑھایا ہے۔
راج بھون
لیفٹیننٹ گورنر نے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کا آغاز کرتے ہوئے راج بھون کے ملازمین میں ترنگے تقسیم کئے۔اس موقعے پر انہوں نے مجاہدین آزادی کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا قومی پرچم گذشتہ 75 برسوں سے لوگوں کی امیدوں اور خوابوں کی علامت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ترنگا ہمیں مسلسل شاندار مستقبل کی طرف رہنمائی کر رہا ہے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں سے اپنے گھروں پر ترنگا لہرانے اور آزادی کا امرت مہاتسو جوش و خروش اور جذبہ حب الوطنی سے منانے کی اپیل کی۔