’ہرگھرترنگامہم‘ جموں کشمیرمیں زوروشور سے تیاریاں جاری

مصوری،قومی ترانہ گانا،مضمون نویسی،اور کوئزمقابلوں کا اہتمام

سری نگر//جموں وکشمیر میں ترنگا لہرانے کی تیاریاں اور عام شہریوں میں زبردست جوش و خروش کے ساتھ زورو شور سے جاری ہے۔ ملک بھر میں ’’ہر گھر ترنگا مہم ‘‘چلائی جارہی ہے تاکہ ہندوستان کی آزادی کے 75 ویں برس کے موقعہ پر ہر گھر اور دفتر پر ترنگا لہرایا جائے۔ آزادی کے 75 سال منانے والے حکومت کے ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو ‘‘ اقدام کے تحت ’’ ہر گھر ترنگا ‘‘ مہم کے ایک حصے کے طور پر جموں وکشمیر کے ہر ضلع میں مختلف محکموں او رسکولوں کی جانب سے مختلف سرگرمیاں منعقد کی جارہی ہیں۔اَضلاع میں مصوری ، قومی ترانہ گانا ، مضمون نویسی کے مقابلے ، کوئز پروگرام ، مباحثے او رسمینارمنعقد کئے جارہے ہیں۔اِس کے علاوہ ضلع بھر میں مختلف گورنمنٹ ڈگری کالجوں ، سکولوں ، ترنگا ریلیاں ، عمارتوں اور گھروں پر پرچم کشائی بھی کی جارہی ہے۔ طلباء مختلف سرگرمیوں اور تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور آنے والے یوم آزادی کی تقریبات میں پرفارم کرنے کے لئے بہت پُر جوش ہیں ۔ طلباء قومی نشانات ، قومی یاد گاروں ، آزادی کی جدو جہد اور دیگر متعلقہ مختلف موضوعات پر کوئز ، مضمون نویسی ، مصوری اور مباحثے کے مقابلوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔محکمہ دیہی ترقی ، ایف سی ایس اینڈ سی اے ، ایم سی ، پوشن مشن اور ہیلتھ بھی تقریبات کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے بیداری پروگرام ، ترنگا ریلیاں اورپرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں۔اِسی طرح دیگر محکمے بھی ’’ ہر گھر ترنگا مہم ‘‘ کے پیغام کو تمام لوگوں تک پہنچانے کے لئے پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔ضلع بھر میں جھنڈے تقسیم کئے گئے ہیں اور ضلع بھر میں کئی اِداروں ، نجی عمارتوں اور رہائش گاہوں پر ترنگا لہر ا دیا گیا ہے ۔ اِس کے علاوہ رواں برس 13سے 15 اگست کے درمیان’ ہر گھر ترنگا میگا ایونٹ‘ کی تیاریاں بھی زورو شور سے جاری ہیں۔کونسلر کھنہ بل اننت ناگ رومیصارفیق نے نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ ملک سے محبت ظاہر کرنے کے لئے ’’ہر گھر ترنگا مہم ‘‘ میں قیادت کریں۔ اِسی طرح چیئرمین بی ڈی سی گوڑی آرتی شرما نے کہاہے کہ’’ ہر گھر ترنگا‘‘ کو کامیاب بنانے کے لئے تمام محکموں ، پی آر آئیز اور سماجی کارکنوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔راجوری کے ایک پی آر آئی ممبر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے ہر شہری کو اپنے جھنڈے پر فخر ہے جو ہماری یکجہتی او رسیکولر کردار کی عکاسی کرتا ہے ۔یہ ہمیں قوم کے بہادروں کی قربانیوں کی یاد دِلاتا ہے۔شمالی کشمیر بارہمولہ ضلع کے بیلا بونیار کے ایک رہائشی نے بتایا کہ وہ حکومت کے اِس فیصلے سے بہت خوش ہیں۔دریں اثنا ٔ ، محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ ( ڈی آئی پی آر ) نے قومی ترانہ گائیکی مقابلے ۔2022 ء کا آغاز کیا تھا جس کے لئے یکم اگست سے 7 اگست 2022ء کے درمیان اِندراجات آن لائن کھلے تھے۔اِس مقابلے کے تحت حکومت نے جموںوکشمیر کے شہریوں سے کہا تھا کہ وہ گوگل لِنک کے ذریعے اَپنے اِندراجات جمع کر کے قومی ترانہ گائیکی مقابلے میں حصہ لیں۔اِندراجات اِنفرادی اور گروپ کیٹیگریز کے تحت کھلے تھے ۔ اِنفرادی زُمرے کے تحت دو ذیلی زُمرہ جات کے لوگوں 13برس سے 18 برس عمر تک اور زائد اَز 18 برس عمر کے اَفراد کو مقابلے میں حصہ لینے کی اِجازت دی گئی تھی جہاں گروپ کیٹیگریز کے لئے عمر کی کوئی پابندی نہیں رکھی گئی تھی۔ڈائریکٹر اطلاعات اور تعلقات عامہ اَکشے لابرو نے اِس پہل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اِس مقابلے کے تحت جموںوکشمیر کے مختلف حصوں سے تقریباً9,000 اِندراجات موصول ہوئے جن میں تقریباً50,000 شرکأ شامل تھے جو کہ گذشتہ برس موصول ہونے والی اِندراجات سے چار گنا زیادہ ہے اور جموں اور کشمیر دونوں صوبوں سے تقریباً مساوی گزارشات موصول ہوئیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جنوبی کشمیر کے اضلاع سب سے آگے ہیں اور اُنہوں نے جمع کرنے کی تعداد میں زبردست ردِّعمل دیا ہے۔مقابلے کے فاتحین کو بالترتیب پہلے ، دوسرے اور تیسرے انعامات کے لئے 25,000روپے ،11,000 روپے اور 5,000روپے کے نقد انعامات کے علاوہ صوبائی سطح پر یوم آزادی کی تقریبات میں قومی ترانہ پیش کرنے کا موقعہ بھی ملے گا۔دریں اثنأ، جموں اِنتظامیہ ’’ ہر گھر ترنگا‘‘ تقریب کو کامیاب بنانے کے لئے پوری کوشش کر رہی ہے کیوں کہ ضلع بھر میں 13سے 15 اگست تک 3.5 لاکھ ترنگے لہرائے جائیں گے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر جموں اَو نی لواسا نے کہاکہ ’ ہر گھر ترنگا‘ کو کامیاب بنانے کے لئے تیاریاں زور وںپر ہیں اور اِنتظامیہ کو 13سے 15؍اگست کے درمیان ہر گھر ، دکانوں ، سرکاری اور نجی عمارتوں پر لہرانے کے لئے 3.5 لاکھ ترنگے فراہم کرنے ہیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر جموں اونی لواسا نے کہاکہ ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘‘ کے ایک حصے کے طور پر اِس یوم آزادی پر ترنگا لہرانے کے ساتھ قومی ترانہ بھی گونجے گا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ ثقافت اور سیلف ہیلپ گروپس (ایس ایچ جیز) نے ضلع میں 3.5 لاکھ پرچم لہرانے کے ہدف کو پورا کرنے کے لئے قومی پرچم بھی فراہم کئے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہاکہ ’’ ہر گھر ترنگا ابھیان‘‘ کے تحت جموں شہر اور اطراف میں راشن ڈیپو ئوںکے ذریعے جھنڈے بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔

پلوامہ میں پولیس کی جانب ترنگا ریلی کا انعقاد
سرینگر//’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کے ایک حصے کے طور پر پلوامہ میں پولیس نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر “ہر گھر ترنگا” مہم شروع کی تاکہ طلباء کو ہندوستان کی آزادی کے 76ویں سال کے موقع پر اپنے اپنے گھروں اور دفاتر پر قومی پرچم لہرانے کی ترغیب دی جا سکے۔ قوم پرستی کے جذبے کو فروغ دیں۔ڈی سی پلوامہ بصیر الحق چودھری نے ایس ایس پی پلوامہ جی ایچ جیلانی وانی کے ہمراہ اسپورٹس ا سٹیڈیم پلوامہ میں منعقدہ مہم میں حصہ لیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی پلوامہ نے طلباء،سول انتظامیہ کے افسران میں قومی پرچم تقسیم کئے اور تمام شرکاء طلباء کو اپنے گھروں پر بھی ترنگا لہرانے کی ترغیب دی۔ترنگا پروگرام کے انعقاد کا بنیادی مقصد اس مہم کو ضلع کے کونے کونے میں پھیلانا اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی اپنے گھروں پر قومی پرچم لہرانے کی ترغیب دینا ہے۔ سول وپولیس افسران کے علاوہ سینکڑوں طلباء سرکاری ونجی تعلیمی اداروں نے ریلی میں شرکت کی۔ اس موقع پر طلباء نے حب الوطنی کے نغمے بھی گائے۔