گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافے کیخلاف شیوسینا کا احتجاج

جموں//شیو سینا جموں و کشمیر یونٹ نے مرکز ی حکومت پر ایک بار پھر ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 50 روپے تک اضافہ کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے گئے ہیں۔شیوسینا جموں و کشمیر کے صدر منیش ساہنی کی قیادت میں پارٹی کارکنان چھنی چوک کے قریب جمع ہوئے اور مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ساہنی نے مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرکے عوام کو راحت دینے کے بجائے مہنگائی کے کوڑے کا استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتوں میں 200 روپے تک اضافہ ہوا ہے، مودی سرکار نے گیس سبسڈی ختم کرکے غریب اور متوسط طبقے پر کاری ضرب لگائی ہے۔ ساہنی نے زور دے کر کہا کہ مفت گیس سلنڈر اور راشن تقسیم کرنے والے ملک کو مہنگائی کے آنسو رلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت مہنگائی میں مسلسل نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اچھے دن‘‘ کا خواب دکھانے والے عام لوگوں کے لیے ضروری اشیاء کو بھی مہنگا کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی سے نجات کے لیے نچلی سطح پر کوششوں کے ساتھ ساتھ ہر خاندان کو ہر ماہ نقد امداد کو یقینی بنایا جائے۔