گپکار الائنس گمراہ سیاست کی راہ پر | سیاسی مفادات کے حصول کیلئے یکجا ہیں : بخاری

نیوز ڈیسک
سرینگر//’ اپنی پارٹی‘ سربراہ سید الطاف بخاری کہا ہے کہ روایتی سیاسی جماعتیں محض اپنے سیاسی مفادات کے حصول کیلئے یکجا ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا، اگر یہ جماعتیں مخلص ہوتیں تو اپنے انفرادی وجود کو ختم کرکے یکجا ہوجاتیں، حقیقت یہ ہے کہ یہ جماعتیں عوام کو بے وقوف بناکر اپنے سیاسی مفادات کے حصول کیلئے یک جٹ ہوگئی ہیں۔بخاری کولگام میں پارٹی کی ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ بخاری نے کہا، اپنی پارٹی تعمیری سیاست میں یقین رکھتی ہے، اسلئے ہم کوئی ایسی بات نہیں کرسکتے، جس کے نتیجے میں نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہوگا یا پھر وہ جیلوں اور قبرستانوں کی نذر ہوجائی

ں۔انہوں نے مزید کہا، پانچ اگست 2019 کے بعد کی صورتحال میں پورے جموں کشمیر میں غیر یقینیت پارئی جارہی تھی تو اپنی پارٹی نے پہل کی۔ بخاری نے کہا، ہم جموں کشمیر اور اسکے عوام کے بہتر مستقبل کے لئے کام کرنے کے وعدہ بند ہیں، ہم اپنے نوجوانوں کو مسلسل مصائب میں مبتلا نہیں رہنے دیں گے۔ ہم اس دیرینہ بد حالی کو ختم کرنا ہوگا کیونکہ یہاں کے لوگ اب تک بہت مصیبتوں اور قتل و غارتگری کا سامنا کرتے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا، اپنی پارٹی کا کلیدی ہدف جموں کشمیر میں دائمی امن، خوشحالی اور تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔

کیونکہ یہی چیزیں بالآخر یہاں کے عوام کو سیاسی اور معاشی طور پر با اختیار بنانے کی راہ ہموار کریں گی۔اسمبلی انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے بخاری نے کہا کہ ایک ایسے ملک، جسے دنیا کی ایک بڑی جمہوریت ہونے کا اعزاز حاصل ہے ، کے کسی بھی حصے میں گورنر راج ایک جمہوری حکومت کا نعم البدل نہیں ہوسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا، جموں کشمیر کے عوام کو اپنے نمائندے اور اپنی حکومت چننے کے حق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، اسلئے الیکشن کمیشن کو یہاں فوری انتخابات کا انعقاد کرانے چاہییں۔