گوٹلی باغ گاندربل میں گیلاس کی فصل کو نقصان | کاشتکار تشویش میں مبتلا،امداد کا مطالبہ

ارشاد احمد

گاندربل//کشمیر میں گلاس کی فصل کے کئی اقسام کی کل پیداوار کا 77فیصد گاندربل ضلع میں پایا جاتا ہے۔گلاس کی فصل کشمیر میں میوئوں میں سب سے پہلے تیار ہوکر بازار میں فروخت کے لئے پہنچ جاتی ہے جس کے لئے مئی کا مہینہ سب سے اہم ہوتا ہے کیونکہ اسی مہینے میں گلاس کی فصل تیار ہوتی ہے تاہم رواں سال مئی کے مہینے میں مسلسل بارشوں اور ژالہ باری سے گلاس کی فصل کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔گوٹلی باغ میں ہزاروں کنال باغات میں گلاس کی فصل تیارہے۔گوٹلی باغ کے علاوہ ورپش، وائیل وڈر،چانتھن ،ولی وار، لار، گلاب شیخ پورہ، فراو، سرفراو سمیت دیگر علاقوں میں گلاس کی اعلی اور بہترین کاشت ہوتی ہے۔گوٹلی باغ کے مقامی لوگوں نے اس ضمن میں بتایا کہ 17مئی کی شام 7بجکر 35 منٹ پر اچانک آسمان پر کالے بادل چھا گئے جس کے ساتھ ہی لگ بھگ 25منٹ تک زبردست ژالہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں گلاس کی فصل کو زبردست نقصان پہنچا۔صنوبر خان نامی سماجی کارکن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’گوٹلی باغ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مئی کے مہینے میں بے وقت کی مسلسل بارشوں اور ژالہ باری سے گلاس کی فصل پوری طرح تباہ ہو گئی‘‘۔کسانوں کا کہنا ہے کہ لاکھوں روپے مالیت کی گلاس فصل تباہ ہوگئی۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع انتظامیہ سے امداد کا مطالبہ کیا۔اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیہامبیر سنگھ نے کہا ’’محکمہ باغبانی کو ہدایت دی جائے گی کہ وہ گوٹلی باغ سمیت دیگر علاقوں میں جاکر گلاس کی فصل کو ہوئے نقصان کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرے جس کے بعد امدادی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ‘‘۔