گول میںشدیدبارشوں سے عام زندگی مفلوج ندی نالوں میں طغیانی، زمیندار پریشان ،مکئی کی بوائی ابھی باقی

 

زاہد بشیر

گول؍؍ لگا تار بارشوں کی وجہ سے گول و ملحقہ جات میں ندی نالوں میں طغیانی کی سی صورتحال بنی ہوئی ہے جس وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو چکی ہے ۔وہیں ٹریفک نظام کے ساتھ ساتھ بجلی نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے ۔ گول بازار وملحقہ جات میں ندی نالوں میں طغیانی بنی ہوئی ہے اور رابطہ سڑکوں میں آبِ نکاس نہ ہونے کی وجہ سے سڑکیں زیر آب ہیں جس وجہ سے لوگ گھروں سے باہرنہیں نکل پا رہے ہیں ساتھ ساتھ سکولی بچوں کو بھی آنے جانے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

 

گول بازار سے سلبلہ کی طرف جانی والی سڑک گو قریباً گرڈ اسٹیشن تک مکمل طور پر کھنڈر کی شکل اختیار کر چکی ہے ساتھ ساتھ تعمیراتی میٹریل بر لب سڑک ہونے کی وجہ سے بھی ٹریفک میں کافی خلل پیدا ہوتا ہے ۔ اس سڑک پر مختلف مقامات پر کافی عرصہ سے ملبہ پڑا ہوا ہے وہیں ساتھ ساتھ سڑک کی نالیوں کی بھی حالت نہایت ہی ابتر ہے ۔بازار سے گرلز ہائی سکول تک تمام سڑک کی حالت نہایت ہی ابتر ہے اور یہاں بارشوں کے دوران تمام پانی بستی کے ساتھ ساتھ گرلز ہائی سکول کے احاطہ میں بھی جاتا ہے اور نالیوں سے گزرنی والی تمام گندگی کے ڈھیر سکول کے عقب میں جمع ہو جاتے ہیں ۔

 

وہیں اسی طرح سے گول کی مختلف سڑکوں پر آبِ نکاس نہ ہونے کی وجہ سے جہاں زمینداروں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے وہیں راہگیروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ شدید بارشوں کی وجہ سے سردی کی لہر میں مسلسل اضافہ ہوتاجا رہا ہے ۔ بازاروں میں سناٹا چھایا ہوا ہے اور اس مئی کے آخر ی دن میں بھی لوگ گرم ملبوسات کا خوب استعمال کر رہے ہیں ۔ وہیں زمینداروں میں تشویش پائی جا رہی ہے کہ آج مئی اور جون میں اس طرح کی شدید بارشیں اور شدید سردی کی وجہ سے فصلوں کو کافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے کیونکہ جو مکی بوئی ہوئی تھی وہ تمام سڑگئی ہے اور جن زمینداروں نے ابھی تک مکی کی فصل نہیں بوئی ہے ان کو کافی دیر ہوا ہے اس طرح سے امسال فصل کونقصان پہنچنے کا خدشہ ہے زمینداروں کا کہنا ہے کہ سرکار کو چاہئے کہ وہ غریب زمینداروں کو ریلیف فراہم کرے تا کہ وہ آسانی سے زندگی بسر کر سکیں ۔