گول بازارمیں پڑی گندگی کون اُٹھائے گا؟ تین ہفتوں سے سڑک کے کنارے جمع گندگی سے عوام پریشان

زاہد بشیر

گول//گول بازار میں قریباً تین ہفتے قبل گریف نے نالیوںسے گندگی نکال کر سڑک کے کنارے ڈھیر کر دی جس وجہ سے یہاں پر نہ صرف دکانداروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہیں یہاں پر راہگیروں کو بھی شدید ذہنی کوفت سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔ گندگی کی بد بُو سے یہاں چلنا محال بن گیا ہے وہیں ماہ صیام کے ساتھ ہی بازار میں لوگوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور ان ماہ مبارک کے ایام میں بازار کو گندگی سے صاف ہونا چاہئے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ گول بازار کو ایک گائو خانے سمجھا جا رہا ہے جس وجہ سے یہاں نہ صرف ایک سڑک پر بلکہ اس مین سڑک کے ساتھ ملنے والی دیگر سڑکوں کی حالت بھی نہایت ابتر ہے اور گلی کوچوں میں گندگی کی وجہ سے لوگوں کو چلنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اگر چہ یہاں پر محکمہ دیہی ترقی سوچھ بھارت مشن کو لے کر کافی دعوے کر رہا ہے لیکن زمینی صورتحال دگرگوں ہے محکمہ نے گول بازار کو گندگی سے پاک و صاف رکھنے کے لئے آج تک ایک کوڑی بھی خرچ نہیں کی ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ گول بازار کو جاذب نظر بنانے کے لئے بازار کی سڑک کے کنارے جمع گندگی کے ڈھیر کو جلد از جلد صاف کیا جائے اور ملحقہ رابطہ سڑکوں کی حالت کو بھی بہتر بنانے کے اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے ۔