گنڈولہ میں تکنیکی خرابی پیدا،کیبل کار بیٹھ گیا ۔8گھنٹے کی بچائو کارروائی کے بعد 250سیاح بچائے گئے

 مشتاق الحسن

گلمرگ // گلمرگ گنڈولہ کیبل کار کے دوسرے مرحلے میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے 250سیاحوں کو نکالا گیا۔یہ واقعہ جمعرات کی شام افروٹ سے واپسی پر پیش آیا۔250سے زیادہ سیاح گنڈولہ کے دوسرے مرحلے پر گئے تھے اور واپسی پر شام 7بجے کیبل کار میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی اور وہ گنڈولہ کیبن میں پھنس گئے۔ سیاحوں کو گلمرگ پولیس اور گنڈولہ ریسکیو ٹیم نے 8 گھنٹے کی مشقت کے بعد بہ حفاظت نیچے لاکر ہوٹلوں میں منتقل کیا۔

 

 

بچائو آپریشن کی وجہ سے گنڈولہ رات کے تین بجے تک چالو رہا ۔بتایا جاتا ہے کہ گنڈولہ کے دوسرے مرحلے میں اچانک فالٹ آنے سے افروٹ پر سیر وتفریح کی غرض سے گئے اڈھائی سو سیاح، جن میں مرد خواتین اور بچے شامل تھے، قریب اٹھ گھنٹے تک پھنسے ہوئے تھے۔ افروٹ پہاڑی پر پڑنے والی شدید سردی سے سیاحوں کا حال بیحال ہوگیا تھا ۔جبکہ بیشتر سیاحوں کو خوف لاحق ہوا تھا۔ ریسیکو آپریشن کی نگرانی کررہے ایس ایچ او گلمرگ انسپکٹر ارشاد احمد نے تمام پھنسے ہوئے سیاحوں کو حوصلہ دیا ۔ اگرچہ گنڈولہ نے تکنیکی خدمات حاصل کی تھی تاہم دوسرے مرحلے میں آیا فالٹ دور نہ ہوسکا ۔بعد میں گنڈولہ کیبل کار نے ایمرجنسی ریسیکو انجن کی مدد سے سیاحوں کو نیچے لانے میں کامیابی حاصل کی۔ معلوم ہوا ہے کہ گنڈولہ کے تکنیکی عملے کو جموں اور سرینگر میں تبدیل کر کے گلمرگ میں غیرتکنیکی عملے کو گنڈولہ کاکام سونپ دیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں تعینات عملے کوتکنیکی خرابی دور کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔