گلمرگ سرمائی کھیل10فروری سے  | تیسرے کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کا تھیم اور جرسی لانچ

جموں//یو این آئی// مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے تیسرے ایڈیشن کے تھیم سانگ، میسکوٹ اور جرسی کو لانچ کیا۔جموں کے لیفٹیننٹ گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کا تھیم سانگ کے ساتھ ساتھ جرسی بھی لانچ کی گئی۔ اس سال سرمائی کھیلوں کا انعقاد گلمرگ میں 10 سے 14 فروری تک کیا جائے گا۔اطلاعات و نشریات کے وزیر ٹھاکر نے کہا کہ امرت کال کے پہلے بجٹ میں ترقی یافتہ ہندوستان کے مکمل حل کی بنیاد رکھی گئی ہے ۔ بجٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں غریبوں، خواتین، مزدوروں، متوسط طبقے ، نوجوانوں، کسانوں، درج فہرست ذاتوں، قبائل (ایس سی، ایس ٹی)، دیگر پسماندہ طبقات کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور ہے ۔گلمرگ میں منعقد ہونے والے ان کھیلوں میں ملک بھر سے تقریباً 1500 کھلاڑی حصہ لیں گے اور نو کھیلوں کے مقابلے ہوں گے ۔ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کا پہلا ایڈیشن 2020 میں منعقد ہوا تھا اور میزبان ریاست جموں و کشمیر اب تک دونوں ایڈیشنز میں سرفہرست ہے ۔اس موقع پر مسٹر ٹھاکر، لیفٹیننٹ گورنر سنہا اور دیگر معززین موجود تھے ۔ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کو نوجوانوں کے امور اور کھیل کی وزارت کی حمایت حاصل ہے اور جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے ساتھ ساتھ یونین ٹیریٹری کی سرمائی کھیلوں کی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہوتا ہے ۔