گریز میںبھاری برفانی تودے گر آئے، کشن گنگا دریا کا بہائو رک گیا | کشتواڑ کے پاڈر علاقے میں بھی تودا گر آیا ،3اضلاع کیلئے وارننگ جاری

Mountains

عازم جان +عاصف بٹ
بانڈی پورہ +کشتواڑ //شمالی ضلع بانڈی پورہ کے گریز علاقے میں کشن گنگا دریا میں بھاری برفانی تودا گر آیا جس کی وجہ سے کئی مقامات پر دریا کی پانی کی روانی رک گئی۔ حکام نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ دریا کے قریب جانے سے گریز کریں۔ایس ڈی ایم گریز نے بتایا کہ کشن گنگا ندی میں تلیل کے چکوالیا اور انگی کوٹ علاقے میں بھاری برفانی تودے گر آئے جس وجہ سے ندی کئی مقامات پر بند ہو گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ کسی جانی یا مالی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق علاقے کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور لوگوں سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ گھروں سے غیر ضروری باہر نکلنے سے احتراز کریں۔ادھرجموں وکشمیر کے کشتواڑ ضلع کے پاڈر علاقے میں جمعہ کے روز ایک برفانی تودا گر آیا تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ جمعہ کی صبح کشتواڑ کے پاڈر علاقے میں ایک بھاری برکم برفانی تودہ میچیل بیلٹ میں ایک بستی کے قریب دریا میں جا گرا، لیکن گاؤں کے علاقے سے دور ہونے کی وجہ سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔حکام علاقے میں تازہ صورتحال پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکام نے لوگوں کو مدد کے لئے ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبرس بھی فراہم کئے ہیں۔بتادیں کہ ڈویژنل انتظامیہ نے پہلے ہی بالائی علاقوں میں برفانی تودے گر آنے کی پیش گوئی کی ہے جس کے پیش نظر لوگوں کو احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی۔دریں اثناء ڈزاسٹر مننیجمنٹ اتھارٹی نے ایک بیان میں برفانی تودوں کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران 2500میٹر سے اوپر کے علاقوں میں بانڈی پورہ، بارہمولہ اور گاندربل علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا امکان ہے۔ لوگوں کو احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے۔

 

اگلے 24گھنٹوں کیلئے موسم خشک | 29اور 30کو ہلکی برفباری کا امکان: موسمیات
اشفاق سعید
سرینگر// محکمہ موسمیات نے جمعہ کو کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ‘بنیادی طور پر خشک موسم’ کی توقع ہے اور جموں و کشمیر میں اگلے 2 دنوں تک “وسیع پیمانے پر” ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر کے بیشتر حصوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ 29 سے 30 جنوری تک ہلکی سے وسیع بارش اور برفباری کا (60%)امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صبح 8.30 بجے تک، قاضی گنڈ میں 5.0 سینٹی میٹر، پہلگام میں 3.3 سینٹی میٹر اور کوکرناگ میں 1.0 سینٹی میٹر برف پڑی۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔قاضی گنڈمیں 0.6 ، پہلگام میں 4.3 ، کوکرناگ میں0.9 ، گلمرگ میں منفی 10.4 اور کپواڑہ قصبے میں پارہ منفی 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہا ۔جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔بانہال میں 0.6 ، بٹوٹ میں منفی 0.1 ، کٹرہ میں 6.0 اور بھدرواہ میں منفی 0.4 ریکارڈ کیا گیا اورلداخ کے لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11.2 ڈگری رہا۔