گاڑیوں کے محل وقوع کاپتہ لگانے کانظام | 4رکنی جائزہ کمیٹی کی تشکیل کومنظوری

بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے جموں کشمیر میں گاڑیوں کے محل وقوع کاپتہ لگانے کیلئے ٹریکنگ اور ایمرجنسی الرٹ نظام کے لیے تکنیکی جائزہ کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ خزانہ نے’’وہیکل لوکیشن ٹریکنگ اینڈ ایمرجنسی الرٹ سسٹم ‘‘ کیلئے جائزہ پروجیکٹ کی ٹکنیکی کمیٹی کے قیام کو سٹیٹ انفارمیٹکس افسر کی سربراہی میں منظوری دی ہے۔ عمومی انتظامی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری سنجیو ورما کا کہنا ہے کہ اس4نفری کمیٹی کی کمان سٹیٹ انفارمیٹکس افسر محمد سلیم کو سونپی گئی ہیں جبکہ کمیٹی میں نیشنل انسٹی چیوٹ آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر انچارج شمیم خان یا انکی طرف سے نامزد نمائندے،آئی آئی ٹی جموں کے ڈائریکٹر کی طرف سے نامزد نمائندے اور سٹیٹ ای مشن ٹیم کے سنیئر کنسلٹنٹ پنیت کنٹھ ممبران ہوںگے۔ممبر سکریٹری کمیٹی کے تمام اراکین کے ساتھ بروقت میٹنگ بلانے اور دستاویز کی بروقت جانچ اور منطوری کو یقینی بنانے کے لیے رابطہ قائم کریں گے۔ سرکاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ4نفری کمیٹی ’ڈی پی آر‘ کی تکنیکی جانچ کرے گی اور مفصل پروجیکت رپورٹ( ڈی پی آر) میں تجویز کردہ دفعات کے بارے میں سفارشات دے گی جبکہ کمیٹی ڈی پی آر میں مجوزہ حل کے قابل عمل ہونے پر اپنی سفارشات وتجاویز بھی دے گی۔ حکم نامہ کے مطابق کمیٹی’ ڈی پی آر‘ کی جانچ کرتے وقت حکومت کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ تمام قواعد، طریقہ کار ورہنما خطوط کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنائے گی۔