گائوں نونا بانڈی کے متعدد محلے رابطہ سڑک سے محروم ۔4وارڈو ں کی عوام پیدل سفر کرنے پر مجبور ،انتظامیہ خاموش

حسین محتشم

پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے گاؤں نونابانڈی کے علاقہ کا ڈنہ کلسی ناڑی کی عوام سڑک جیسی بنیادی سہولت کے فقدان کی وجہ سے انتظامیہ سے نالاں اور سراپا احتجاج ہے۔ پونچھ کے صدر مقام تقریبا آٹھ کلو میٹر دور بلاک ننگالی صاحب سائیں بابا کے نونابانڈی سے تقریبا 5 کلو میٹر دور ڈنہ کلسی ناڑی کی عوام سڑک جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہونے کی وجہ سے پانی،بجلی، راشن اور دیگر سہولیات سے بھی محروم ہیں۔علاقہ کے سماجی کارکن مشتاق احمد نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے گائوں دیہات میں تعمیر وترقی اور بنیادی ضروریات بہم پہچانے کے بلند و بانگ دعوے ان کے علاقہ میں سراب ثابت ہوتے دیکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا بنیادی سہولیات سے محروم اس علاقہ کے باشندے انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اکیسوی صدی میں سڑک جیسی بنیادی سہولیات نہ ہونے کے باعث سردیوں کے ایام میں لوگوں خاص کر بیماروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریبا چار وارڈوں کی آبادی میں سڑک جیسی بنیادی سہولت کے فقدان کے علاوہ طبی شعبے کی بھی کوئی سہولت دستیاب نہیں ہے جسکی وجہ سے مقامی آبادی انتظامیہ سے نالاں اور سراپا احتجاج ہے۔انہوں نے بتایا کہ رابطہ سڑک نہ ہونے سے یہ علاقہ برفباری کے ایام میں بیرونی دنیا سے پوری طرح کٹ کے رہ جاتا ہے جبکہ لوگوں کو ضرویات زندگی کیلئے روزانہ پانچ کلومیٹر دور پیدل چل کر جانا پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زندگی گزارنے اور گھر گرہستی چلانے کے لئے مقامی آبادی کو آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی سروں پر سامان لاد کر گھر پہنچانا پڑتا ہے، جبکہ بیماروں خاص کر درد زہ میں مبتلا خواتین کو چارپائی پر اٹھا کر ہسپتال لے جانا پڑتا ہے جو کہ اوقات خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔مقامی باشندوں نے کہا ایسا لگتا ہے کہ سرکار نے اس علاقے کو بالکل نظر انداز کیا ہے، گائوں میں رابطہ سڑک کی خستہ حالی سے وسیع آبادی پریشان ہے اور بارش یا برف باری کے دوران یہ علاقہ دنیا سے منقطع ہو جاتا ہے، وہیں علاقے میں بجلی کا ترسیلی نظام بھی بحرانی صورتحال کا شکار ہے۔انہوں نے کہاانتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے انھیں خدا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاہے۔مقامی باشندوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے علاقے کی جانب توجہ دینے اورمکینوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔