کے جی بی وی سکول گول مکمل تعمیر ہونے کے باوجود بھی مقفل ڈی ڈی سی چیئرپرسن کی خاموشی پرعوام پریشان،ڈی سی کی یقین دہانی بھی بیکار

زاہد بشیر
گول// ’’کستورباگاندھی بالیکاودھیالیہ ‘‘ گول کی تعمیرتقریباً ایک برس قبل مکمل ہونے کے باوجود بھی سکول مقفل پڑا ہوا ہے۔ گو کہ مقامی لوگوںنے احتجاج کرکے اور وفود کی صورت میںضلع انتظامیہ اور مقامی لیڈر شپ بالخصوص ڈی ڈی سی چیئر پرسن کی اِس جانب توجہ مبذول کرائی لیکن نامعلوم وجوہات کی بناء پر اِس سکول کو طلاب کیلئے کھولنے کی کوئی سنجیدہ کوشش دکھائی نہیں دی۔ قابل ِ ذکر ہے کہ ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے اِس سکول کی جلدا زجلد تعمیر کیلئے بہت جدوجہد کی لیکن سکول کی تعمیر ہونے کے بعد سکول کو طلاب کیلئے وقف کرنے میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن کی خاموشی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ڈی ڈی سی چیئرپرسن کی طلاب کے مخدوش ہوتے مستقبل کے تئیں اِس قدر غیر سنجیدگی اور خاموشی کو لوگ مجرمانہ خاموشی سے تعبیر کر رہے ہیں۔ اہلیان گول کو جہاں سکول کی مکمل تعمیر ہونے کے بعد مقفل ہونے پر تشویش ہے وہیں ڈی ڈی سی موصوفہ کی خاموشی پر حد درجہ افسوس بھی ہے کہ موصوفہ نے سکول میں کلاسیں شروع کرنے کیلئے اپنے لبوں کو جنبش تک نہیں دی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے عوامی اثاثہ کو تباہی و بربادی کیلئے چھوڑنا اور لوگوں کے باربار مطالبات کے باجود بھی چپی ساد ھ لینا انتہائی افسوسناک ہے اور عوام کی بدقسمتی ہے کہ ضلع میں نمائندگی ہونے کے باجود بھی اپنے علاقے کے قیمتی اثاثوں کو جان بوجھ کر تباہ و برباد کیا جا رہا ہے۔توجہ طلب ہے کہ بانہال میں بھی اِس طرح کا ایک معاملہ تھا جہاں پر ’’کے جی بی وی‘‘ مکمل تعمیر ہونے کے باجود مقفل تھا لیکن ضلع انتظامیہ نے اِس سکول کو میں کلاسیں شروع کرنے کیلئے قابل ستائش اقدام کئے اور سکول کو طلاب کیلئے کھول دیا تھا لیکن ضلع انتظامیہ گول میں مکمل تعمیر شدہ ’’کے جی بی وی‘‘ سکول کو کھولنے میں سنجیدہ نہیں دکھائی دے رہی ہے ؟۔عوام کا مطالبہ ہے کہ کے جی بی وی گول کو جلد از جلدطلاب کیلئے کھول کر عوامی اثاثہ کو تباہ و برباد ہونے سے بچالیاجائے۔