کینسرکے عالمی دن کی مناسبت سے خطہ پیر پنچال میں متعدد پروگرام منعقد ڈاکٹروں نے لوگوں کو کینسر جیسی موذی بیماری اور اُس کے بچائوسے متعلق جانکاری فراہم کی

حسین محتشم+پرویز خان +رمیش کیسر
پونچھ+راجوری //دنیا بھر کی طرح خطہ پیر پنچال میں کینسر کے عالمی دن کی مناسبت سے متعدد پروگرام منعقد کئے گئے ۔اس سلسلہ میں سرحدی ضلع پونچھ میں بھی عالمی یوم سرطان منایاگیا۔ اس دوران راجہ سکھدیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ ایک تقریب منعقد کی گئی جہاں ماہر ڈاکٹروں نے لوگوں کو کینسر کے حوالے سے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ اس موذی مرض سے ہر سال لاکھوں لوگ متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا سرطان سے اموات کی وجہ مرض سے آگاہی اور بروقت تشخیص نہ ہونے سمیت علاج کی سہولیات کا فقدان ہے۔ڈاکٹر ذوالفقار علی میڈیکل سپریٹنڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ نے کہا عالمی یوم سرطان کا مقصد کینسر جیسے موزی مرض سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے، دنیا میں سالانہ دو کروڑ افراد کینسر جیسے مرض میں مبتلا ہورہے ہیں جن میں اموات کی شرح بھی زیادہ ہے۔انہوں نے کہا ماہرین کے مطابق جسم کے کسی حصے پر گلٹی، وزن کا مسلسل گرنا، بھوک میں کمی، منہ میں چھالے اور درد بھی کینسر کی علامات ہوسکتی ہیں تاہم فوری تشخیص کے لئے ڈاکٹرز سے رجوع کرنا نہایت اہم ہے۔انہوں نے کہاکینسر میں مبتلا مریض صحت مند زندگی بسر کرنے کی خواہش کے ساتھ مرض کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ کینسر لا علاج نہیں ہے۔ ہمت و حوصلہ سے بیماری کا مقابلہ اور اس سے جیت ممکن ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق بر وقت تشخیص سے نوے فیصد کینسر کے مریضوں کا علاج ممکن ہے۔اسی طرح راجوری ضلع کے دیگر علاقوں کیساتھ ساتھ پرائمری ہیلتھ سنٹر منجا کوٹ اور انٹر نیشنل اکیڈمی میں تقریبات کا اہتمام کیاگیا ۔پرائمری ہیلتھ سنٹر منجا کوٹ میں بلاک میڈیکل آفیسر منجا کوٹ ڈاکٹر سلیم بھٹی کی قیادت میں تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں ڈاکٹر سچن وید، ڈاکٹر پونم،ڈاکٹر اسرار،ڈاکٹر وکاس شرماو دیگر ملازمین اور معززین نے شرکت کی ۔پروگرام کے دوران ڈاکٹروں نے مذکورہ موذی بیماری پر تفصیلی روشنی ڈالی اور عام لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں بھی جانکاری فراہم کی ۔کینسر کے عالمی دن کے موقع پرفوج نے نوشہرہ سب ڈویژن کی پنچایت بجنوعہ میں ایک آگاہی پروگرام کا اہتمام کیا ۔فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس پروگرام کو منعقد کرنے کا اصل مقصد مقامی لوگوں کو کینسر سے متعلقہ آگاہ کر نا اور بیماریوں کو دور رکھنے سے متعلقہ مکینوں کو جانکاری فراہم کرنا تھا ۔اس پروگرام کے دوران آرمی کے میڈیکل آفیسر نے کینسر کی مختلف اقسام اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔پروگرام میں سکول کی لڑکیوں اور مقامی لوگوں نے بھر پور شرکت کی۔ پروگرام کے بعد ایک خصوصی سیشن ہوا جس میں شرکاء کو بیماری کے بارے میں اپنے خیالات اور شکوک و شبہات کا تبادلہ کرنے کا پورا موقع فراہم کیا گیا۔ دور دراز کے سرحدی دیہاتوں میں مقامی آبادی کے لئے ایسے سماجی بہبود کے پروگراموں کا انعقاد مضبوط سول ملٹری تعلقات کو فروغ دینے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔ اس موقع پر مقامی لوگوںو پنچایتی اراکین نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی مذکورہ نوعیت کے پروگرام منعقد کئے جائینگے ۔