کھنیال کوٹ۔ ڈھوک رابطہ سڑک | کئی برسوں بعد تعمیر و مرمت کا کام شروع

عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے گاؤں ڈھوک کے مکینوں نے کھنیال کوٹ تا ڈھوک رابطہ سڑک پر تعمیری کام شروع ہونے کی وجہ سے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سالوں سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس روڈ کی تعمیر کا کام شروع نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے یہاں کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔البتہ گزشتہ کچھ دنوں سے اس سڑک کی تعمیر اور ضروری مرمت کا کام جاری ہے جس کے چلتے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مکینوں نے کہاکہ فوری طور پر مذکورہ سڑک کی توسیع اور کنکریٹ کا کام مکمل کر کے اس پر پر تار کول بچھانے کا عمل شروع کیا جائے کیونکہ یہ رابطہ سڑک اب بہت پرانی اور کافی مضبوط ہے لہذا اس کی ضروری مرمت کر کے اس پر تارکول بچھانے کا عمل شروع کیا جائے۔ غور طلب ہے کہ سب ڈویژن تھنہ منڈی کے اکثر دیہات میں رابطہ سڑکیں انتہائی خستہ حالی کا شکارہ ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے جہاں مکینوں کو مشکلات درپیش ہیں وہیں ٹرانسپورٹروں کو بھی کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مشتاق احمد نامی ایک شخص نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دیہات میں سڑکیں پیدل چلنے کے قابل بھی نہیں ہیں۔ لہذا وقت کی اہم ضرورت ہے کہ علاقہ میں تعمیراتی عمل شروع کیا جائے۔ اس سلسلے میں مکینوں نے بتایا کہ موضع درہ کی طرح ، ڈھوک رابطہ سڑک پر بھی تارکول بچھانے کا عمل شروع کیا جائے۔ مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ سڑک پر تار کول کے عمل کو شروع کرنے سے پہلے سڑک کی نالیوں کا بندوبست بھی کیا جائے تاکہ عوام کی زمینوں کو کم سے کم نقصان پہنچے اور عوامی پریشانیوں کا ازالہ بھی ہو سکے۔