کھمبر میں آتشزدگی کی واردات،2گائوخانے خاکستر

ارشاد احمد
سرینگر//حضرت بل سرینگر کے کھمبر علاقے میں آتشزدگی کی ایک واردات میں دو گائوخانے اور ایک سٹور خاکستر ہوگیاتاہم مقامی لوگوں کی فوری کارروائی کی وجہ سے گائوخانوں میں موجود مویشی بچ گئے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہفتہ کو دن کے ایک بجکر 25 منٹ پر عبدالاحد گنائی ولد غلام احمد کے دو منزلہ گاوخانہ سے آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں پہلی منزل میںگائوخانہ اور دوسری منزل پر واقع سٹورخاکستر ہوگیا۔سٹور میں مویشیوں کے لئے گھاس اور لکڑی سمیت دیگر اشیاء بھی خاکستر ہوگئیں۔آگ بہت تیزی سے پھیل کر قریب میں موجود عبدالعزیز گنائی ولد محمد اکبر کے گائوخانہ تک پہنچ گئی۔اس موقع پر مقامی لوگوں نے دونوں گائوخانوں میں موجود مویشیوں کو باہر نکال کر محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی جن کی دوفائر ٹینڈر موقع پر پہنچ کر مقامی لوگوں کی مدد سے آگ بجھانے کی کارروائی میں لگ گئے۔آتشزدگی کی اس واردات میں دونوں گائوخانے اور سٹور راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لئے قانونی کارروائی شروع کردی ۔