کپوارہ میں کشمیری روایتی کھیل ’’سز لونگ‘‘ کے مقابلے کاانعقاد متعدد مقامی کھیلوں کو پھر سے زندہ کیاجائیگا: اوشا کمپنی

کپوارہ//ایلفا انٹرنیشنل کے زیر اہتمام کپوارہ میں ’’سز لونگ‘‘کھیل کا انعقاد کیاگیا جس کو اوشا کمپنی نے تعاون فراہم کیا۔ ہاپ سکاچ(یا سٹاپو پوری دنیا میں کھیلی جاتی ہے ، اس کا کشمیری ورژن سز لونگ ہے جو کہ ایک بہت پرانی آئوٹ ڈور گیم ہے اور ہر عمر و جنس کے لوگ اس کھیل سے لطف اندوز ہوتے رہے ہیں۔ایلفا انٹرنیشنل(Elfa International)کے زیر اہتمام منعقدہ اس مقابلے میں 40کھلاڑیوں نے حصہ لیا ،دس دس کھلاڑیوں کی چار ٹیموں میں تقسیم کیا گیا تھا۔زونل ایجوکیشن آفیسر رفیقہ بیگم تقریب میں موجود تھیں۔ اس مقابلے میں فیصل اشرف ، عمران احمد خان،آفاق احمد اور رفیق تہفیم نے امتیازی پوزیشن حاصل کی جبکہ سکین علی، صفران،شیزان، کوثر اور تبسم رنر اَپ رہے۔کامیاب کھلاڑیوں میں اوشا کی طرف سے انعامات تقسیم کئے گئے ۔زیڈ ای او رفیقہ بیگم اور سرپنچ حمیدہ اخترنے کھلاڑیوں کو ایوارڈ سے نوازا۔اس موقعہ پراوشا انٹرنیشنل کے سپورٹس اِنی شیٹیو اینڈ ایسو سی ایشن کے سربراہ کومل مہرا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’بھارت میں مقامی کھیلوں کا ایک خزانہ ہے جو کہ مقامی سطح پر آبادیوں میں انتہائی مقبول ہیں اور لوگوں کی روز مرہ زندگی کا اٹوٹ انگ ہے ، اوشا میں ہمیں اس بات کا اعزازحاصل ہے کہ ہمیں ان پرانے کھیلوں کو زمینی سطح پر پھر سے زندہ کرنے کی شراکت داری کا موقع مل رہا ہے، کچھ ہُنر کلاسوں میں نہیں بلکہ میدانوں میں سیکھے جاتے ہیںاور سز لونگ بھی ایسا ہی ایک کھیل ہے ۔’’سز لونگ‘‘ ایک ایسا کھیل ہے جس کا کوئی نہ کوئی ورژن ہم سب نے بچپن میں کھیلا ہے ، ایسے کھیلوں کو دوبارہ زندہ کرنے اور ان کو فروغ دینے کی ضرورت ہے‘‘۔ واضح رہے کہ سَز لونگ ‘‘وادی کشمیر میں کافی مقبول ہے،یہ کھیل بچوں میں اب بھی انتہائی مقبول ہے اور یہ پوری ریاست میں کھیلا جاتا ہے ، گھروں میں، گلیوں میں یہاں تک کہ اسکولوں میں بھی۔یہ کھیل کشمیر کے تمدن کا ناقابل تنسیخ حصہ ہے اور اس کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوششوں کے تحت بھارت میں گھریلو ضروریات کی اشیاء تیار کرنے والی سب سے بڑی کمپنی اوشا نے کپوارہ میں منعقدہ سز لونگ مقابلے میں اپنا تعاون فراہم کیاتھا۔