کوٹرنکہ کے سیاحتی مقامات انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل قدرتی حسن سے مالا مال جگہوں کو سیاحتی نقشے پر لانے کا مطالبہ

محمد بشارت

کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں درجنوں ایسی جھیلیں و سیاحتی مقامات موجود ہیں جن کو آج تک سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔سب ڈویژن کی پیر پنچال پہاڑیوں میں لگ بھگ 35سو میٹر کی اونچائی پر قدرتی حسن سے مالا مال سمارٹ سر جھیل پائی جاتی ہے جس کو دیکھنے کیلئے مختلف علاقوں سے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد رخ کرتی ہے ۔اس کے علاوہ سب ڈویژ ن کی ان پہاڑیوں میں جہاں قدرتی حسن والے میدان واقعہ ہیں وہائیں کئی آبشار ودیگر سیاحتی مقامات بھی ہیں جہاں پر صاف پانی او ر صاف آب و ہوا پائی جارہی ہے ۔

 

مقامی لوگوں نے محکمہ سیاحت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مذکورہ مقاما ت و جھیلوں تک پہنچنے کیلئے کم از کم چھ گھنٹوں تک پیدل سفر کرناپڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بلاک بدھل کے شمالی حصہ میں واقعہ جھیلیں قدرتی خو بصورتی میں اپنا ایک منفرد مقام رکھتی ہیں لیکن ان تک پہنچنے کیلئے نہ تو کسی سڑک کا کوئی بندوبست ہے اور نہ ہی دیگر بنیادی سہولیات سیاحوںکیلئے دستیاب رکھی گئی ہیں جس کی وجہ سے سیاحوں کو دوران سفر شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔

 

غور طلب ہے کہ مذکورہ پہاڑی سلسلہ میں واقعہ جھیلوں کا پانی اکتوبر میں ہی جم جاتا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ پیر پنچال برفانی پہاڑیوں میں کئی ایک سیاحتی مقامات موجود ہیں تاہم ابھی تک انتظامیہ کی جانب سے ان کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پیرپنچال پہاڑی سلسلہ میں واقعہ سیاحتی مقامات کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔