کولگام میں ہلاک پولیس اہلکار آبائی گائوں میں سپرد خاک

جاوید اقبال
مینڈھر // وادی کے ضلع کولگام میں ہلاک ہوئے پولیس اہلکار کو آبائی گائوں بھاٹہ دھوڑیاں میں پولیس اور سیول انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران کی موجودگی میں سپردخاک کردیاگیا ۔غور طلب ہے کہ جنوبی ضلع کولگام کے کیموہ علاقے میں ہفتے کی شام مشتبہ جنگجووں نے گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار شدید طورپر زخمی ہواتاہم زخمی پولیس اہلکار کو فوری علاج ومعالجے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اْسے مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت طاہر خان سکنہ مینڈھر پونچھ کے بطور ہوئی۔گزشتہ روز بعد دوپہر لاش کو آبائی علاقہ بھاٹہ دھوڑیاں پہنچایاگیا تاہم اس موقعہ پر جموں وکشمیر پولیس کے اعلیٰ آفیسران بالخصوص ایڈ یشنل ایس پی پونچھ ،ایس ڈی پی او مینڈھر،ایس ڈی پی او سرنکوٹ ،ایس ایچ او گرسائی کے علاوہ فوج اور پولیس کے آفیسران واہلکاروں کیساتھ ساتھ ڈی ڈی سی ،بی ڈی سی اور عام معززین کی ایک بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی تاہم پولیس اہلکار کو اعزاز کیساتھ سپردخاک کردیا گیا ۔مقامی لوگوں و معززین نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ اہلکار کا تعلق ایک غریب گھرانے سے تھا تاہم اس کی موت کے بعد انتظامیہ کو چاہئے کہ اہل خانہ کو ریلیف دی جائے ۔