کولگام میں مسلح تصادم آرائی|غیر مقامی ملی ٹینٹ ہلاک فوجی اہلکار اور 2شہری زخمی

خالد جاوید

کولگام //جنوبی ضلع کولگام کے ویس بٹہ پورہ ( محمد پورہ )گائوں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میںایک عدم شناخت ملی ٹینٹ مارا گیاجبکہ ابتدائی فائرنگ میں ایک فوجی اور دو عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد 9 آر آر اور 18 بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ مشترکہ طور پر گائوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ قریب 5بجے محاصرے کے دوران سیکورٹی فورسز کے اہلکا ر جوں ہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔اْن کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اوراس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا ۔ لیکن گائوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہونے سے قبل پھنسے ہوئے مکینوں اور طالب علموں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا۔طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔انہوں نے کہاکہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں ایک فوجی اور دو عام شہری زخمی ہوئے ،جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔بعد میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔زخمی شہریوں کی شناخت عاشق حسین بٹ ساکن چک ژولن اور محمد رستم ڈار ساکن ویس بٹہ پورہ کے بطور ہوئی ہے۔فوجی اہلکار کی شناخت نہیں ہوسکی۔ فوجی جوان اور عاشق حسین کو بادامی باغ سرینگرجبکہ رستم ڈار کو جی ایم سی اننت ناگ ریفر کیا گیا۔ پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل وجے کمار نے کہا کہ مہلوک ملی ٹینٹ غیر ملکی تھا اور اسکی شناخت ابو ہریرہ کے بطور ہوئی ہے جو جیش محمد سے وابستہ تھا۔اسکی تحویل سے ایک رائفل اور دیگر اسلحہ بر آمد کیا گیا۔تصادم آرائی میں عبدالسلام گنائی ولد غلام محمد کے مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔