کولگام میں دوسرا انکائونٹر| 2ملی ٹینٹ ہلاک ۔24گھنٹوں میں 2مسلح جھڑپیں،3کی ہلاکت

 خالد جاوید

کولگام // ضلع کولگام میں 24گھنٹوں کے دوران دو متصل دیہات میں دومسلح تصادم آرائیاں ہوئیں۔ منگل کی شب تک ایک ملی ٹینٹ مارا گیا تھا جبکہ آپریشن جاری تھا۔پیر کی شام اسی علاقے میں قریب 3کلو میٹر دور ایک غیر ملکی ملی ٹینٹ مارا گیا تھا۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اہوتو کولگام نامی گائوں میں کم سے کم 2ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی بنا پر34آر آر اور 18بٹالین کیساتھ مشترکہ طور پر ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کیا گیا۔پولیس نے کہا کہ5بجے محاصرہ کیا گیا اور ملی ٹینٹوں کے ممکنہ ٹھکانے کو گھیرے میں لیکر بستی کی ناکہ بندی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ قریب 6بجے فائرنگ شروع ہوئی اور طرفین کے مابین گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جس کے دوران شام کے وقت ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔اسکے بعد دوسرے ملی ٹینٹ اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ کا آغاز پھر سے ہوا جو رات 9بجے تک جاری رہی۔ اس میں مزید ایک ملی ٹینٹ کی ہلاکت ہوئی۔تصادم آرائی میں محمدایوب بٹ ولد غلام محمد کا رہائشی مکان مکمل طور پر تباہ ہوا۔اس طرح 24گھنٹوں میں 3کلو میٹر کے حدود میں 3ملی ٹینٹ مارے گئے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پیر کی شام ویس بٹہ پورہ( محمد پورہ) میں ایک غیر ملکی ملی ٹینٹ کی موجودگی کی مصدقہ طور پر اطلاع کے بعد9آر آراور18بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ پولیس نے مشترکہ طور پر آپریشن کیا جس میںجیش محمد ملی ٹینٹ ابو ہریرہ ہلاک ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میںایک فوجی اہلکار اور 2شہری بھی زخمی ہوئے۔