کولگام انکائونٹر| نئے بھرتی ہوئے دونوں ملی ٹینٹوں کی خود سپردگی پٹن میں بارودی سرنگ ناکارہ، پونچھ میں دھماکہ، 2فوجی زخمی

خالد جاوید

کولگام // ضلع کولگام کے ہادیگام گائوں میں فائرنگ کے مختصر تبادلے کے بعد 2نئے بھرتی ہونے والے ملی ٹینٹوں نے والدین اور پولیس کی اپیل پرخود سپردگی کی ۔پولیس نے بتایا کہ انہیں ہدیگام گائوں میں 2ملی ٹینٹوں کی موجود گی کی اطلاع ملی، جس کے بعد 9آر آر اور 18سی آر پی ایف کیساتھ مشترکہ طور پر بستی کو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ رات کے 2بجے تلاشی کارروائی شروع کی گئی اور 3بجے گولیوں کے چند رائونڈ فائر کئے گئے۔اسکے بعد خاموشی چھا گئی۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ اس دوران انہیں معلوم ہوا کہ محصور ملی ٹینٹ صرف چند روز قبل ہی گھروں سے لاپتہ ہوگئے ہیں لہٰذا آپریشن میں وقفہ کیا گیا اور دونوں نئے بھرتے ہونے والے نوجوانوں کو سرنڈر کرنے کی پیشکش کی گئی۔اسکے بعد دونوں کے والدین کو یہاں لایا گیا اور قریب ایک گھنٹے تک دونوں کو اس بات پر قائل کیا گیا کہ وہ خود سپردگی کریں۔پولیس کے مطابق بالآخر انکی کوششوں اور والدین کی اپیل کے بعد دونوں نوجوانوں نے خود کو پولیس کے حوالے کیا۔پولیس نے سرنڈرکرنے والے جنگجوئوں کی شناخت 2جولائی سے لاپتہ ندیم عباس میر ولد محمد عباس ساکن گوفہ بل قیموہ(20سالہ تیلہ دوز ی کا کام کرتا تھا) اور4جولائی سے لاپتہ کفیل احمد میر ولد جاوید ساکن میر پورہ قیموہ (22سالہ گریجویٹ، کلائی کا کام کرتا تھا) کے بطور کی ہے۔پولیس نے کہا کہ دونوں سے اسلحہ بھی بر آمد کیا گیا۔ادھر ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے میں بدھ کی صبح سیکورٹی فورسز نے ایک آئی ای ڈی بر آمد کی جس کو بعد میں ناکارہ بنا یا گیا۔پولیس کے مطابق پٹن کے نزدیک سرینگر، بارہمولہ شاہراہ پر ایک آئی ای ڈی بر آمد کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بعد میں بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم کو جائے موقع پر طلب کیا گیا جس نے اس کو بغیر کوئی نقصان پہنچائے ناکارہ بنا دیا۔پولیس نے بتایا کہ شاہراہ پر احتیاطی طور پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی جس کو بعد میں بحال کیا گیا۔ادھر پونچھ ضلع میں کنٹرول لائن کے نزدیک فائرنگ رینج میں پر اسرار دھماکے کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار زخمی ہو گئے ۔ بدھ کو پونچھ ضلع کے جلسا علاقے میں فائرنگ رینج میں تقریباً دو بجے جب سپاہی ٹریننگ میں مصروف تو حادثاتی دھماکہ ہوا۔دھماکے سے زخمی مکیش کمار اور رشیکیش چوبے کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

والدین بچوں سے اپیل کریں:آئی جی پی
سرینگر/ پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا کہنا ہے کہ اگر تمام والدین اپنے ملی ٹنٹ بیٹوں کو تشدد کا راستہ ترک کرنے کی اپیل کریں گے تو کئی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے۔وجے کمار نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ’ اگر تمام والدین اپنے ملی ٹنٹ بیٹوں کو تشدد کا راستہ ترک کرنے کی اپیل کریں، خواہ وہ تصادم آرائیوں میں پھنسنے والے ہوں یا جنہوں نے ملی ٹنسی جوائن کی ہے، تو کئی جانوں کا بچایا جا سکے گا جس طرح آج کے انکاونٹر کے دوران2 جانوں کا بچایا گیا‘۔

کوشش قابل ستائش :محبوبہ مفتی
سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے سیکورٹی فورسز اور 2مقامی ملی ٹینٹوں کے اہل خانہ کی ستائش کی جنہوں نے کولگام انکاؤنٹر کے دوران دونوںکو ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کیا۔پی ڈی پی صدر نے ایک ٹویٹ میں کہا’2نوجوانوںکی جانیں ان کے اہل خانہ کی کوششوں اور سیکورٹی فورسز کے تعاون کی بدولت بچ گئیں۔ اس قسم کی کوششیں جاری رکھنی چاہیں تاکہ ملی ٹنسی میں شامل ہونے والے نوجوانوں کو اپنی زندگی گزارنے کا دوسرا موقع دیا جائے‘۔