کورونا کے 5کیسز ۔16اضلاع میں کوئی مثبت نہیں

پرویز احمد

سرینگر //گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں 16 اضلاع میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 4اضلاع میں 5افرادکو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 79ہزار 197ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر میں مسلسل 17 ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4785بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے 5افراد متاثر ہوئے ہیں جو کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ جموں صوبے میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ کشمیر صوبے کے 6اضلاع جن میںبارہمولہ ،کپوارہ ،اننت ناگ، بانڈی پورہ، گاندربل اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 4اضلاع میں 5افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے جن میں سرینگر میں 1، بڈگام میں 2،پلوامہ میں1 جبکہ کولگام میں ایک کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 5ہزار 199ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں مسلسل 38ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2433بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے 10اضلاع جن میں ضلع جموں، ادھمپور، پونچھ، راجوری، ڈوڈہ، کشتواڑ، کٹھوعہ، سانبہ، رام بن اور ریاسی میںمسلسل تیسرے دن بھی کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 73ہزار998بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں مسلسل 17ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد2352بنی ہوئی ہے۔