کورونا کیسز میں اچانک اُچھال ۔132روز بعد 113کا اضافہ، جموں میں 62کیس

پرویز احمد

سرینگر //جموں وکشمیر میں 132دنوں کے بعد کورونا وائرس سے روزانہ متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 100سے زیادہ ہوگئی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 10ہزار ٹیسٹ کئے گئے جن میں 5مسافروں سمیت مزید 113افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 55ہزار 588ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر میں دوسرے دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4757بنی ہوئی ہے۔

 

محکمہ صحت کی جانب سے بدھ کو جاری گئے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے 11اضلاع میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 9اضلاع میں 113افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے جن میں جموں صوبے میں78جبکہ کشمیر میں 35افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں۔ کشمیر صوبے کے 6اضلاع جن میں بانڈی پورہ، پلوامہ، اننت ناگ، کپوارہ کولگام ،گاندربل اور کولگام میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر4اضلاع میں 35افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے ۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 35افراد میں سرینگر میں30م،بارہمولہ میں 1، بڈگام میں 2 اور شوپیان میں 2افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔وادی میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 88ہزار 205ہوگئی ہے۔اس دوران وادی میں مسلسل11ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کیموت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2425بنی ہوئی ہے۔جموں صوبے کے4اضلاع جن میں کشتواڑ، پونچھ، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 6اضلاع میں78افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔

 

جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 78افراد میں سے 5بیرون ریاستوں کا سفر کرکے واپس جموں پہنچے جبکہ دیگر 73افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے فوت ہوگئے۔ جموں صوبے میں متاثر ہونے والے 78افراد میں ضلع جموں میں سب سے زیادہ 62، ادھمپور میں 6، راجوری میں 2، ڈوڈہ میں1، کٹھوعہ میں 5 جبکہ سانبہ میں 2افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 67ہزار 383ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں مسلسل دوسرے دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2332بنی ہوئی ہے۔