کنڈی بلاک میں محکمہ صحت کے کیمپ جاری ملازمین نے 384مستحقین کو سرٹیفکیٹ جاری کئے

سید زاہد

بدھل//جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے شروع کردہ انٹیگریٹڈ سوشل سیکورٹی اسکیم کے تحت محکمہ صحت کی جانب سے کنڈی بلاک میں ایک خصوصی آؤٹ ریچ مہم کے تحت مستحقین میں سرٹیفکیٹ جاری کئے جارہے ہیں ۔محکمہ کی جانب سے سب ڈویژن کے گائوں لڈیوٹ میں لگائے گئے کیمپ کے دوران مستحقین میں 384سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے ۔غور طلب ہے کہ محکمہ صحت کنڈی کی جانب سے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اور ڈاکٹر سلیم الرحمان، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموںکی ہدایت پر مسلسل کیمپوں کا اہتمام کیاجارہا ہے تاکہ بزرگوں کو کسی بھی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔محکمہ صحت کے مطابق بڑھاپا پنشن کیلئے مذکورہ نوعیت کے کیمپوں کا اہتمام کیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصہ میں مجموعی طورپر 13کیمپوں میں سینکڑوں کی تعداد میں سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ہیں جبکہ آئندہ بھی مذکورہ عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ مستحقین کو ان کی دہلیز تک سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔