کمبوڈیا کے بادشاہ نارودوم سیہامونی کا نئی دہلی پہنچنے پر استقبال

نئی دہلی// کمبوڈیا کے بادشاہ ناردوم سیہامونی ہندوستان کے اپنے پہلے سرکاری دورے پر پیر کے روز نئی دہلی پہنچے ۔ ان کا استقبال وزیر مملکت برائے امور خارجہ راج کمار رنجن سنگھ نے کیا۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کمبوڈیا کے بادشاہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تہذیبی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا ایک موقع ہے ۔کمبوڈیا کے بادشاہ کا دورہ تقریباً چھ دہائیوں کے بعد ہورہا ہے ۔ اس سے پہلے 1963 میں بادشاہ نوردوم سیہانوک نے دورہ کیا تھا جو موجودہ بادشاہ کے والد ہیں۔شاہ نارودوم سیہامونی صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی دعوت پر ہندوستان کا دورہ کر رہے ہیں۔منگل کی صبح وہ ہندوستان میں اپنی مصروفیات کا آغاز راشٹرپتی بھون میں ایک رسمی استقبال سے کریں گے ، جس کے بعد وہ مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول چڑھانے کے لیے راج گھاٹ روانہ ہوں گے۔