کشمیر میں خوبصورتی کے علاوہ بھی بہت کچھ، ترال میں سنو کرکٹ متعارف ہندوستان جمہوریت کی ماں،ہماری رگوں میں پیوست: مودی

یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے اور جمہوریت ہماری رگوں اور ہماری ثقافت میں ہے۔مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات میں کہا کہ ہم ہندوستانیوں کو فخر ہے کہ ہمارا ملک جمہوریت کی ماں بھی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ “جمہوریت ہماری رگوں میں ہے، یہ ہماری ثقافت میں ہے، یہ صدیوں سے ہمارے کام کاج کا ایک لازمی حصہ ہے اور ہم فطرتاً ایک جمہوری معاشرہ ہیں۔ “مودی نے کہا کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے بدھ بھکشو یونین کا موازنہ ہندوستانی پارلیمنٹ سے کیا تھا۔ انہوں نے اسے ایک ایسی یونین بتایا تھا، جہاں قرارداد، تحریک، کورم اور ووٹنگ اور ووٹوں کی گنتی کے بہت سے اصول تھے۔مودی نے کہا کہ ہمارے ملک کی تاریخ میں جمہوری اقدار کی ایک اور مثال 12ویں صدی سے ہے، جہاں آزادانہ بحث و مباحثے کی حوصلہ افزائی کی جاتی تھی۔ مودی نے لوگوں کو کشمیر کا دورہ کرنے اور اپنے دوستوں کو بھی وہاں لے جانے کی ترغیب دی۔انہوں نے کہا کہ ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا ہے کہ ‘جنت اس سے زیادہ خوبصورت اور کیا ہوگی؟’یہ بات بالکل صحیح ہے۔ اسی وجہ سے کشمیر کو زمین کی جنت کہا جاتا ہے، آپ بھی ان تصاویر کو دیکھ کر کشمیر کی سیر پر جانے کی ضرور سوچ رہے ہوں گے۔برف باری کی وجہ سے ہماری وادی کشمیر ہر سال کی طرح اس بار بھی بہت خوبصورت ہو گئی ہے۔ لوگ بانہال سے بڈگام جانے والی ٹرین کی ویڈیو کو بھی خاص طور پر پسند کر رہے ہیں۔ خوبصورت برف باری، چاروں طرف برف جیسی سفید چادر۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ منظر پریوں کی کہانیوں جیسا لگتا ہے، بہت سے لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ کسی بیرونی ملک کی نہیں بلکہ ہمارے اپنے ملک کے کشمیر کی تصویریں ہیں۔ مودی نے کہا، “میں چاہوں گا کہ آپ خود بھی جائیں اور اپنے ساتھیوں کو بھی ساتھ لے جائیں۔ کشمیر میں برف پوش پہاڑ، قدرتی خوبصورتی اور بہت کچھ دیکھنے اور جاننے کے لیے ہے۔” وزیر اعظم نے سید آباد پستونہ ترال، پلوامہ میں منعقدہ سنو کرکٹ کے بارے میں بات کی۔مودی نے کہا کہ برف پوش پہاڑوں اور قدرتی خوبصورتی کے علاوہ کشمیر کے بارے میں جاننے اور تعریف کرنے کے لیے اور بھی بہت کچھ ہے۔انہوںنے کہا کہ سنو کرکٹ زیادہ دل لگی ہے، اس سے یہ اور بھی دلچسپ ہوتا ہے کہ یہ کھیل ان کھلاڑیوں کی شناخت کرنے میں مدد کرتے ہیں جو مستقبل میں ٹیم انڈیا کے لیے کھیلیں گے۔انہوں نے کہا کہ سنو کرکٹ کھیلو انڈیا موومنٹ کی توسیع ہے۔انہوں نے سیاحوں کو مشورہ دیا کہ “اگلی بار جب آپ کشمیر جائیں تو اس طرح کے پروگرام دیکھنے کے لیے بھی اپنا وقت نکالیں”۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپ کے سفر کو مزید یادگار بنائے گا۔قبل ازیں وزیر اعظم نے اکھو، پلوامہ سے تعلق رکھنے والے ایک کاروباری شخص منظور احمد الہی کی کوششوں کی بھی تعریف کی ہے جو ملک کی بڑی فرموں کو پنسل سلیٹ فراہم کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے دو بھائیوں بشیر احمد اور منیر احمد کی کاوشوں کا بھی ذکر کیا ۔ اعلی تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود دونوں بھائیوں نے ورمی کمپوسٹ کا آغاز کیا اور کسانوں کو مناسب قیمتوں پر نامیاتی کھاد فراہم کی۔