کشمیر میں حالات بہتری کی طرف گامزن کسی بھی ملک کی مداخلت ناقابل قبول:جے شنکر

 

سرینگر//جموں کشمیر کو بھارت کا اندورنی معاملے قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر کسی کو بولنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اسی دوران انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حالات بہتری کی طرف گامزن ہو رہے ہیںاور واضح کیا کہ ملک کی سیکورٹی اور سالمیت پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ہے ۔سی این آئی کے مطابق ایک نجی نیوز چینل کے ساتھ بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ بھارت پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے اور جموں کشمیر میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ بھارت کے اندورن معاملات ہے اور بھارت اپنے اندورنی معاملات میں کسی کو دخل دینے کی اجازت نہیں دیگا ۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان بار بار عالمی فورموں پر کشمیر معاملے کو اٹھا کر اپنا وقت ضائع کر رہا ہے کیونکہ بھارت نے کبھی بھی پاکستان کے کسی بھی دعویٰ کو قبول نہیں کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب جموں کشمیر کو ملک میں مکمل طور پر ضم کیا جا چکا ہے اور جموں کشمیر اور لداخ کو یونین ٹریٹری کا بھی درجہ مل گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر اور لداخ میں اب تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہو گیا ہے اور ہر شعبہ میں اونچائیوں تک لے جانے کیلئے مرکزی سرکار پہلے ہی وعدہ بند تھی اور اب تعمیر وعدوں کو پورا کیا جائے گا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے ساتھ ہی اب جموں کشمیرسے عسکریت کا مکمل خاتمہ ہوگا اور وقت آگیا ہے کہ جموں کشمیر کو عسکریت سے پاک و صاف کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں حالات معمول پر لوٹ آنے کے ساتھ ہی مرکزی سرکار تعمیر و ترقی کے سلسلے میں اقدامات اٹھائے گی ۔