کشمیر اور لداخ میں شبانہ سردی برقرار ۔ 8دسمبر تک خشک موسم کی پیش گوئی، سردی مزید بڑھے گی

اعجاز میر

سرینگر//کشمیر اور لداخ کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت صفر سے نیچے چلا گیا ہے اور پہلگام پیر کو وادی کا سب سے زیادہ سرد علاقہ ثابت ہوا۔محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں اگلے 24 کے لیے بنیادی طور پر خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ8 دسمبر تک موجودہ موصم کی صورتحال میں کسی بڑی تبدیلی کی توقع نہیں ہے۔انکا کہنا تھا کہ ابھی سردی کا موسم شروع ہونے جارہا ہے اور15دسمبر کے بعد سردی کا اصل دورانیہ شروع ہونے جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں راتیں مزید سرد ہونے جارہی ہیں اور مطلع ابر آلود بھی رہیگا اورصبح کے اوقات میں دھند چھائی رہے گی۔انہوں نے بتایا ہے کہ سرینگر میں پیر کی صبح دھند پڑی اور کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں اب تک سال کے اس وقت کے دوران درجہ حرارت معمول سے 0.9 °C کم تھا۔قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری تھا۔انہوں نے کہا کہ پہلگام میں پارہ منفی 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ پر ٹھہرا ۔ کوکرناگ میں منفی 0.4 اورگلمرگ میں منفی 1.0 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کپواڑہ قصبے میں پارہ منفی 2.1 ڈگری تھا۔جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 9.8 ، بانہال میں 3.2 ، بٹوٹ 4.9 ، کٹرہ 9.0 اور بھدرواہ میں 3.0 ریکارڈ کیا گیا۔لیہہ میں منفی 8.0 اور دراس میں پارہ منفی 12.1 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہا۔