کشتواڑ کے موٹھل پاڈر میں پل نالے میں بہہ گیا مڈل سکول کا واحد راستہ منقطع، طلباء کو عبور و مرور میں مشکلات درپیش

عاصف بٹ
کشتواڑ// سب ڈویژن پاڈر کی گندھاری پنچایت کی عوام موجودہ دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے اور علاقہ میں تعلیم حاصل کررہے سینکڑوں بچے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کرتعلیم حاصل کرنے کیلے سکول جاتے ہیں۔ لیکن اسکے باوجود انتظامیہ کے کانوں تک جوں نہ رینگی۔ تفصیلات کے مطابق پنچایت گندھاری میں قائم مڈل سکول موٹھل کے اساتذہ ہر روز گزشتہ ایک ماہ سے سکول میں تعلیم حاصل کررہے بچوں کو سکول پہنچانے کیلئے اس نالے کو پار کراتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں صاف طور دیکھا جاسکتا ہے کہ سکول کے اساتذہ بچوں کو اٹھاکر نالہ پارکراتے ہیں جسکے بعد یہ بچے سکول پہنچ کر تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ زرائع کے مطابق نالے میں بنا پل گزشتہ ماہ پانی کے تیز بہاو کے سبب بہہ گیاتھا جسکے بعد علاقے کی عوام واسکولی بچوں کو عبور و مرور سخت مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ نالے میں پانی کا بہاو کافی تیز ہے اور اسے پار کرنا انتہائی مشکل ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہم اپنے بچوں کو سکول بھیجنے پر مجبور ہے اور ہمیں ہر وقت انکی جان کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔کیونکہ پانی کا بہاو کافی تیز ہے اور سکول کے اساتذہ مجبور ہوکر انھیں نالہ پار کراتے ہیں جسکے بعڈ بچے اسکول جاکر تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ اگرانتظامیہ فوری طور پل تعمیر کرتی تو ہماری مشکلات حل ہوجاتی لیکن انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے۔ انھوں نے ضلع انتظامیہ سے جلد از جلد پل تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ کوئی حادثہ رونما نہ ہو۔