کسیاں ۔درہال رابطہ سڑک خستہ حال لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مرمت کا عمل شروع کیا

عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// کسیاں تا درہال سڑک جو ایک سال پہلے ہی پی ایم جی ایس وائی کے تحت بنائی گئی تھی اور ڈی ڈی سی ممبر اقبال ملک کی کاوشوں سے اس سڑک پر بہترین کام ہوا تھا ۔گزشتہ سال مون سون بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے یہ سڑک بری طرح متاثر ہوئی تھی جگہ جگہ پر کھڈے پڑ گئے تھے، نالیاں بند ہو گئی تھیں اور پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے سڑک دونوں اطراف سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی تھی۔ اس سلسلے میں مکینوں نے بتایا کہ چونکہ گورنمنٹ کی گائڈ لائن کے مطابق اس سڑک کی دیکھ بال پانچ سال تک اسی ٹھیکیدار کے پاس ہے لہٰذا ہم نے بہت بار ایڈمنسٹریشن تک بات پہنچائی کہ ہماری اس سڑک کو اچھے طریقے سے مرمت کیا جائے لیکن متعلقہ محکمہ نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔ اسلئے سماجی کارکنان اور ملازمین کی بھاری تعداد نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک پر پڑے کھڈے بھرنے کا کام شروع کیا۔ اس موقع پر سماجی کارکن مرتضیٰ مرزا، مستحسن ملک، اعجاز ملک اور ٹیچر ایسوسیشن کے صدر رفاقت ملک نے بتایا کہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایتی راجوری تا کسیاں سڑک کا کام بھی جلد از جلد شروع کرنے کیساتھ ساتھ پی ایم جی ایس وائی کے تحت بنی ہوئی سڑک کی مرمت کا کام بھی شروع کروایا جائے ۔انھوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس سڑک کی ضروری مرمت کا کام جلد از جلد شروع نہ کیا گیا تو مستقبل قریب میں ایک بڑا احتجاج کیا جائے گا جس کی ساری ذمہ داری انتظامیہ کی ہو گی۔