کسان پورٹل پر27000رجسٹر ، 8000کا من پسند کورسوں میں داخلہ ۔1873پنچایتوں میں 2لاکھ سے زیادہ کسان مستفید

 نیوز ڈیسک

جموں// جموں و کشمیر میں صرف سات رائونڈ میں کسان سمپرک ابھیان سے 1873 پنچایتوں کے دو لاکھ سے زیادہ کسانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔اس پروگرام کے جس میں ابھی 31 اگست تک مزید 12 رائونڈ باقی ہیں، سب سے زیادہ عملی پروگرام ہونے والا ہے۔ایگریکلچر پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اتل ڈلو نے کہا ہے، “زرعی شعبے کی تاریخ میں ایک اہم موڑ جموں و کشمیرمیں دو بڑے اقدامات، ‘دکش کسان’ اور ‘کسان ساتھی’ کے ذریعے پہنچ رہا ہے۔

 

 

جمعرات کوانہوں نے کہا کہ دکش کسان اپنی نوعیت کا پہلا آن لائن ہائبرڈ اسکلنگ پروگرام ہے جو صرف کسان برادری کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جبکہ دکش کسان پورٹل کے تحت اب تک 27000 سے زائد کسان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور تقریباً 8000 کسانوں نے اپنی پسند کے ہنر مندی کورس میں داخلہ لیا ہے۔انہوں نے مزید کہااس میں اضافہ کرنے کے لیے، تقریباً 2000 کسان پہلے ہی آن لائن ہنر مندی کے کورس کی تکمیل کے اعلی درجے کی طرف بڑھ چکے ہیں۔ڈلو نے کہا کہ دکش کسان- کسانوں کی مہارت کی ترقی کے لیے ایک لرننگ مینجمنٹ سسٹم ہے۔ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا، دکش کسان، محکمہ زراعت کی طرف سے تیار کیا گیا ہے، جہاں زرعی موسمیاتی زون کے مطابق 121 ہنر مندی کے کورس کسانوں کے لیے مفت دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسانوں نے خاص طور پر کسان ساتھی میں بہت زیادہ جوش و خروش دکھایا ہے آج تک تقریباً 1.92 لاکھ کسانوں کا ڈیٹا حاصل کیا جا چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب کسان سمپرک ابھیان کی بڑے پیمانے پر رسائی کی وجہ سے ممکن ہوا ہے جس کا آغاز 24 اپریل کو کیا گیا تھا اور تمام اضلاع میں کل 1873 پنچایتوں کو شامل کیا گیا تھا۔ اگلے چار مہینوں میں کسان رابطہ مہم کے تحت ہر پنچایت میں ہر ایک کسان خاندان تک پہنچنے کے مہتواکانکشی اہداف کا تصور کیا گیا ہے۔