کسان خدمت مراکزمستقبل میں یہ کسانوںکیلئے سٹاپ شاپ کا کام کرینگے | سائنسدانوںاپنی تحقیق کو اِسطرح مرتب کریں کہ کسان ان سے فائدہ اُٹھا سکیں :ڈلو

نیوز ڈیسک
جموں//ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے کرشی میلے کی کامیابی سے تکمیل کے لئے وائس چانسلرزرعی یونیورسٹی پروفیسر جے پی شرما کو مبارک باد دی ۔ اِس میلے میں مختلف اداروں، یونیورسٹیوں، ترقیاتی محکموں، بینکوں، نبارڈ، سکولوں اور کالجوںجنہوں نے ٹیکنالوجی اور مصنوعات کی نمائش کی ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے میلے کو سٹارٹ اَپس ، ایف پی اوز اور ایس ایچ جیز کے لئے اَپنی مصنوعات کی نمائش کے لئے ایک مثالی پلیٹ فارم قرار دیا ۔ اُنہوں نے سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ اَپنی تحقیق کو اِس طرح مرتب کریں کہ کسان ان سے فائدہ اُٹھا سکیں اور ان ٹیکنالوجیز کو احتیاط سے اَپنا کر اَپنی روزی روٹی برقرار رکھ سکیں۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ حالیہ ایپکس کمیٹی میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ محققین کا ایک پول تشکیل دیا جائے گا اور یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ طلباء کی حوصلہ اَفزائی کی جائے گی کہ وہ کسان طبقے کی خدمت کریں۔اَتل ڈولو نے کہا کہ کسان خدمت مراکز کسانوں کو ہر قسم کی خدمات اور تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی میں فعال طور پر اہم کردار اَدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں یہ کسان طبقے کے لئے سٹاپ شاپ کا کام کریں گے ۔اِس موقعہ پر وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر جے پی شرما نے پانچ روزہ کرشک میلہ کی کامیاب تکمیل پر اطمینان کا اِظہارکیا۔اُنہوں نے کاشت کاروں ، زرعی ماہرین، این جی اوز، سرکاری محکموں، کے وی کے، ریسرچ سٹیشنوں، اٹارٹ اپس، یونیورسٹی کے مختلف ڈویژنوں، نجی کمپنیوں اور دیگرشراکت داروں کا اس تقریب میں تعاون اور فعال شرکت پر شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے کہا کہ پانچ روزہ میلے کے دوران 265 سٹالوں پر مصنوعات اور ٹیکنالوجیز کی نمائش کی گئی اور 14,000 لوگوں نے شرکت کی۔چیئرمیں اِنڈین چیمبر آف فوڈ اینڈ ایگری کلچر ڈاکٹر اہم جے خان نے بتایا کہ اے ڈی بی کی رِپورٹ کے مطابق ہندوستان 2050ء تک سبے بڑی عالمی معیشت بن جائے گی۔اِس موقعہ پر اِنڈین چیمبر آف فوڈ اینڈ ایگری کلچر اور سکاسٹ جموں کے ساتھ ساتھ منو کرشی اور سکاسٹ جموں کے درمیان مفاہمت نامو ں پر دستخط کئے گئے۔میلے کے دوران دیہی کھیلوں کا اِنعقاد کیا گیا جن میں کبڈی ، ٹگ آف وار ، لانگ جمپ ، والی بال وغیرہ شامل ہیں ۔ فیکلٹی طلباء ، غیر تدریسی عملہ ، کسانوں اور عوام الناس نے ان مقابلوں میں جوش و خروش سے حصہ لیا۔ میلے کے دوران ثقافتی پروگرام بھی منعقد کئے گئے۔اِختتامی دن کے دوران جیتنے والوں میں مختلف زُمروں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ معززین کی جانب سے سائنسدانوں کی کتابوں کا اجرأ بھی کیا گیا۔