کرگل فتح مشعال بانہال پہنچی | ناچلانہ میں رنگا رنگ پروگرام، درجنوں افراد کی شرکت

محمد تسکین
بانہال// سنہ 1999 میں بھارتی فوج کی طرف سے پاکستان کے خلاف کرگل جنگ کی جیت کی یاد میں کرگل ویکٹری فلیم رن یا کرگل جیت کا شعلہ کی مشعل ہفتے کی دوپہر بعد ناچلانہ کھڑی فوجی کیمپ سے فوجی کیمپ بانہال کیلئے روانہ کی گئی۔کرگل وکٹری فلیم رن کی ٹیم جمعہ کی شام بریگیڈ ہیڈکوارٹر چندرکوٹ سے ناچلانہ پہنچی تھی۔بھارتی فوج کی طرف سے کرگل میں پاکستان کو شکست دیکر حاصل کی گئی فتح کی یاد میں ہائی سکول ناچلانہ کھڑی میں ایک جشن کا انعقاد کیا گیا جہاں مختلف سکولوں کے بچوں ، مقامی لوگوں اور پنچایتی نمائندوں نے اس جشن میں شرکت کی۔ اس حوالے سے رنگا رنگ پروگراموں کا انعقاد کیا گیا اور کرگل جیت کی اس مشعل کو لیکر حب الوطنی کے نعرے لگائے گئے اور کرگل جیت کے حوالے سے وہاں موجود بچوں اور لوگوں کو جانکاری دی گئی۔اس تقریب پر کمانڈنگ آفیسر 23 راشٹریہ رائفلز کرنل ایس کے سنگھ نے کارگل فتح مشعل کو سلامی دی۔کرگل فتح کی یاد میں روشن اس مشعل کو جمعہ کے روز نہایت ہی شان و شوکت اور جذبے کے ساتھ چندرکوٹ سے ناچلانہ فوجی کیمپ میں پہنچایا گیا تھا۔ کرگل جیت کی یاد میں یہ مشعل بردار ریلی ہفتے کی شام بانہال پہنچے گی جہاں اتوار کی صبح ہائیر سیکنڈری سکول بانہال میں ایک رنگا رنگ پروگرام کے بعد اس مشعل کو کرگل پہنچنے کیلئے اگلی منزل کی طرف روانہ کیا جائیگا۔