کرتب بازی کرنے والے بائیک سواروں کیخلاف کارروائی کشتواڑ میں 21موٹرسائیکل اورسکوٹیز ضبط ،21افراد گرفتار،5مقدمات درج

عاصف بٹ

کشتواڑ//پولیس نے جمعرات کو کہا کہ اس نے ضلع کشتواڑ میں خطرناک سٹنٹ یاکرتب بازی کرنے کے الزام میں21موٹرسائیکل ضبط کئے اوراس سلسلے میں5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا۔ ایک بیان میںپولیس نے کہا کہ سٹنٹ بائیکنگ یاموٹرسائیکل چلاتے وقت کرتب بازی کے خطرے کو روکنے اور قیمتی جانوں کو بچانے کی کوشش میں کشتواڑ پولیس نے ایسے21 سٹنٹ موٹرسائیکل سواروں کو گرفتار کیا اوراُن کے موٹرسائیکل ضبط کرلئے ، جو خطرناک سٹنٹ انجام دے رہے تھے، اور سڑک پرچلنے والے راہگیروں کو ڈرانے کیساتھ ساتھ اپنی اوردوسرے لوگوںکی زندگیوںکوخطرے میں ڈال رہے تھے۔

 

پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار موٹر سائیکل سواروں کو زمین پر صرف پچھلے پہئے کیساتھ اپنی بائیک چلاتے اور سڑک استعمال کرنے والوں کو خوفزدہ کرتے ہوئے اور دیگر خطرناک سٹنٹ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس سٹیشن کشتواڑ کی پولیس ٹیموں نے تیز رفتاری اور سختی سے کام کرتے ہوئے ایس ایچ او پی ایس کشتواڑ انسپکٹر عابد بخاری کی سربراہی میں سخت کوششیں کیں اور بروقت مداخلت کے بعد آخر کار 21 سٹنٹ بائیک سواروں کو پکڑ کر ان کے موٹرسائیکل ضبط کرلئے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کچھ بائک سواروں کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور کل21موٹرسائیکلوں وغیرہ کو موٹروہیکل ایکٹ کے متعلقہ سیکشن کے تحت پولیس تھانہ کشتواڑ میں بھی ضبط کیا گیا۔مزید برآں، کشتواڑ پولیس ان گمراہ نوجوانوں کو سختی سے متنبہ کرتی ہے کہ وہ بائیک سٹنٹ جیسی جان لیوا حرکتوں میں ملوث نہ ہوں جس سے ان کے ساتھ ساتھ مسافروں کی زندگیوں کو بھی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ایس ایس پی کشتواڑ نے ایسے والدین سے بھی اپیل کی جو اپنے کم عمر بچوں کو سکوٹی،موٹر سائیکل وغیرہ چلانے دیتے ہیں کہ وہ ایسی لاپرواہی سے باز رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کا راستہ نہیں مل جاتا۔