کانگریس کی پد یاترا بھلیسہ پہنچی ،ٹھاٹھری میں سرکار مخالف احتجاج

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //ملکی پیمانے پر شروع کی گئی ‘بھارت جوڑو پدیاترا’ کے تحت کانگریس کی جانب سے ڈوڈہ کی سب ڈویژن گندوہ، ملکپورہ و ٹھاٹھری میں سرکار مخالف احتجاج کیا جس دوران مختلف علاقوں سے آئے کانگریس کارکنوں پنچائتی اراکین و بی ڈی سی و ڈی ڈی سی کونسلروں نے ضلع صدر شیخ مجیب علی کی قیادت میں بی جے پی کی مرکزی حکومت کو مہنگائی، رشوت خوری، بے روزگاری و فرقہ پرستی کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا۔مظاہرین نے حکومت مخالف نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ترقی نام کی کوئی بات نہیں ہورہی ہے اور نہ ہی عوامی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت فرقہ پرستی، نفرت و انتقام گیری کی سیاست کو فروغ دے کر مہنگائی، بے روزگاری و رشوت خوری کو ختم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ضلع صدر شیخ مجیب علی نے کہا کہ کانگریس بھارت جوڑو کا نعرہ دے کر ملک کے ہر ذات، فرقہ و طبقہ کے لوگوں کو ہندو مسلم سکھ اتحاد کے بینر تلے جمع کر رہی ہے اور بھاجپا ملک توڑو کی سازشیں کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی، رشوت خوری و بے روزگاری نے عام آدمی کے ساتھ ساتھ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے اور حکومت اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کانگریس نے ملک کی ایکتا و اکھنڈتا کے لئے کئی قربانیاں دیں ہیں اور کانگریس نے کبھی نفرت و مذہبی سیاست کو فروغ نہیں دیا ہے بلکہ ہر طبقہ و خطہ کو ایک ساتھ چلایا ہے لیکن بھاجپا دور میں سب اس کے الٹ ہورہا ہے ۔