کانگریس کا جموں میں کالی پٹیاں لگا کر احتجاج

نیوز ڈیسک

جموں// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے جمعہ کے روز احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں میں سے کئی نے بطور احتجاج کالی پٹیوں سے اپنے منہ بند کئے تھے۔اس موقع پر کمیٹی کے صدر وقار رسول وانی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے اور ہماری جمہوریت کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ اگر سرکار کوئی چیز غلط کرے تو اپوزیشن کو اس پر بات کرنے کا حق ہوتا تھا جس کو ہم سے چھین لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا’’ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی جاری کی گئی ہے یہاں ملک کو لوٹنے والوں کے خلاف اگر کوئی بات کرتا ہے تو ان پر کیس لگائے جاتے ہیں‘‘۔ان کا الزام تھا’’بی جے پی اور آر ایس ایس نے اس ملک کو بھی تباہ کیا اور جموں وکشمیر کو بھی تباہ کیا‘‘۔وقار رسول نے کہا کہ یہاں بولنے کی اجازت نہیں ہے اسی وجہ سے آج ہم یہاں کالی پٹیاں لگا کر بیٹھ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں بی جے پی والے آر ایس ایس والے بول سکتے ہیں لیکن کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں بول نہیں سکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ راہل جی کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے اس پر ہم بات نہیں کریں گے کیونکہ وہ عدالت کا معاملہ ہے جس کو عدالت ہی نبھائی گی لیکن جو ملک میں ہو رہا ہے ہم اس کے لئے یہاں کالی پٹیاں لگا کر بیٹھ گئے ہیں۔