کانگریس سیکولر جماعت، بھاجپا فرقہ پرست:وقار رسول شریف نیاز کو پیش کیا خراج عقیدت، ورکروں سے متحد ہو کر پارٹی کی مضبوطی پر زور دیا

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //کانگریس کا ایک روزہ کنونشن گندوہ میں منعقد ہوا جس میں صدر پردیش کانگریس کمیٹی وقار رسول وانی، ورکنگ صدر رمن بھلہ سابق ایم ایل اے اشوک کمار، ضلع صدر مجیب علی،سابق یوتھ کانگریس صدر پرنو شگوترہ ،ڈی ڈی سی کونسلر ندیم شریف نیاز، بی ڈی سی چیئرمین محمد عباس راتھر و دیگر پارٹی اراکین نے شرکت کی۔اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے کانگریس صدر کو عوامی مسائل و پارٹی امور سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں مہنگائی، بے روزگاری، رشوت خوری کے ساتھ ساتھ بجلی، پانی، سڑکوں کی خستہ حالی و تعلیمی اداروں و طبی مراکز میں بنیادی ڈھانچے کی کمی و دیگر مشکلات سے آگاہ کیا۔کانگریس صدر نے موجودہ حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کی اس دور میں کوئی شنوائی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں نوجوان پریشان حال ہیں وہیں مزدور پیشہ افراد، ڈیلی ویجر ورکرز و دیگر ملازمین بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔وقار رسول نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بھاجپا فرقہ وارانہ سیاست کو فروغ دے کر سماج کو مذہب کے نام پر تقسیم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک کو انگریزوں کی غلامی سے نجات دلانے میں کئی قربانیاں دیں ہیں اور بی جے پی کا کوئی کردار نہیں رہا ہے اور آج قومی پرستی و حب الوطنی کا نعرہ دے کر سماج کو گمراہ کررہی ہے۔انہوں نے سابق وزیر محمد شریف نیاز کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی سماج و پارٹی کے تئیں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم محمد شریف نیاز ایک بے لوث و عوام دوست لیڈر تھے جنہوں نے پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آپسی اتفاق و اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے زمینی سطح پر پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس واحد ایسی جماعت ہے جو بی جے پی کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر ہر خطہ و طبقہ کی یکساں ترقی کی متمنی ہے۔