کامرس کالج جموں میں سوچھ بھارت مہم پر سمپوزیم کا انعقاد سچائی، عدم تشدد اور سادگی زندگی کے مثالی ستون : عرفان علی

جموں// گاندھی جینتی کی یاد میں، گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس جموں کے این ایس ایس یونٹس نے “سوچھ بھارت” پر ایک سمپوزیم کا انعقاد کیا۔ اس موقع کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سریندر کمار نے طلبا پر زور دیا کہ وہ زندگی میں اپنے ذاتی مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے نہ صرف سخت محنت کریں اور خود کو وقف کریں بلکہ ملک کی بہتری کے لیے بھی کام کریں تاکہ “کلین انڈیا گرین انڈیا” کے تحت ملک کو بہتر بنایا جا سکے۔

 

انہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی زندگی اور صفائی اور قومی یکجہتی کے لیے ان کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ سمپوزیم میں حصہ لینے والے طلبا میں منیشا کوتوال، روپل سلاتھیا، بھانو اروڑہ، ابھیشیک سنگھ، جتن، نودیپ کور، ابھیشیک بھنڈال، اور بوبی شامل تھے۔ تمام شرکا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صحت مند زندگی اور صاف ستھرا ہندوستان بنانے کے لیے صفائی کے بارے میں ہر سمت بیداری پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس موقع پر پروفیسر عرفان علی نے مہاتما گاندھی کی فکر کے ساتھ ساتھ ان کے فلسفہ حیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سچائی، عدم تشدد اور سادگی زندگی کے مثالی ستون ہیں انہی سے فرد،قوم و ملک کا وقار چڑھتا ہے۔ طلبا نے یہ عہد بھی کیا کہ وہ اپنے اور اپنے خاندان اور محلے کے دیگر افراد میں صفائی کی عادت ڈالیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے گاندھیائی فکر کے چار ستون، سچ، عدم تشدد، سروودیا اور ستیہ گرہ کے بارے میں بھی اظہار خیال کیا۔ پروگرام میں پروفیسر ارچنا کول، ڈاکٹر پوجا، پروفیسر آشو، پروفیسر شریا شرما، پروفیسر دیپک پٹھانیا کے علاہ دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ اس پروگرام میں خطبہ استقبالیہ پروفیسر رجنی بالا (این ایس ایس پی او) نے دیا جبکہ اظہارِ تشکر پروفیسر عرفان علی (این ایس ایس پی او)نے ادا کیا۔