کالے بن بارہمولہ کا سڑک رابطہ ناگفتہ بہہ | ٹرنسپوٹروں اور مقامی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا

فیاض بخاری
بارہمولہ// ضلع بارہمولہ میں ہیون سے کالے بن رابطہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے مسافروں، ٹرانسپورٹروں اور طلاب کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ تین کلو میٹر پر مشتمل یہ رابطہ سڑ ک کافی خستہ حال ہو چکی ہے۔

مقامی آبادی نے محکمہ آر اینڈ بی پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ ہیون سے کالے بن سڑک کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے جبکہ سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں اور مذکورہ سڑک کی ناگفتہ بہہ حالت سے مسافروں اورٹرانسپورٹروں کو مشکلات پیش آرہے ہیں۔ بارشوں کے دوران یہ سڑک جھیل کا منظر پیش کررہی ہے ۔لوگوں کے مطابق اگر چہ انہوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ کے افسران کو مطلع کیا تھا تاہم انہوں نے اس سڑک کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔

ایک مقامی شہری محمد انوار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر چہ اس خستہ حال سڑک رابطے کی مرمت کا کام ٹھیکہ دار نے ایک سال قبل ہاتھ میں لیا تھا تاہم بدقسمتی سے آج تک اس سڑک کی مرمت نہ ہوسکی اور وہ اس کا کام کافی سست رفتاری سے کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک کی حالت اس قدر خستہ ہے کہ اس پر اب ٹریفک کی آواجاہی دشوار ہے اور ٹرانسپورٹر بھی مشکل سے ہی اس سڑک پر اپنی گاڑیاں چلا رہے ہیں ۔انہو ں کہا کہ اگر اس سڑک کی فوری طور پر مرمت نہیں کی گئی تو وہ سڑکوں پر نکل آئیں گے جس کی تمام زمہ داری متعلقہ محکمہ پر عائد ہوگی ۔مقامی لوگوں نے ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کی جلد از جلد مرمت کریں تاکہ لوگوں کو مشکلات نہ کرنا پڑے۔