ڈی ڈی سی کونسلر اور پینشنروں کا بانہال میں پر امن احتجاج کاغذی لوازمات اور ری ویری فکیشن کے نام پر مستحقین کو مزید پریشان نہ کرنے پرزور

محمد تسکین

بانہال // ضلع ترقیاتی کونسل رام بن کے کونسلر اور گانگریس لیڈر بشیر احمد نائیک نے سرکاری مراعات کے تحت پینشنروں کی ری ویری فکیشن کے خلاف پینشنرز کے ساتھ ملکر بانہال میں ایک پر امن احتجاج کیا۔ڈی ڈی کونسلر رامسو بشیر احمد نائیک کا کہنا ہے کہ دہائیوں سے پینشن لینے والی بیوائوں ، بزرگوں اور جسمانی طور ناخیز افراد کو کاغذات کی ری ویری فکیشن کے نئے حکمنامے نے ہراساں اور پریشان کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ویری فکیشن کو آسان بنایا جائے اور اس کیلئے متعلقہ تحصیلداروں کو نامزد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ برسوں پہلے جموں اور سرینگر کے ہسپتالوں میں گذر گئے ہیں آج ان کی بیواؤں کو سرکاری مالی مدد کو جاری رکھنے کیلئے متعلقہ ہسپتالوں سے موت کی سرٹیفکیٹ مانگی جارہی ہے جو ناممکن ہے۔ ڈی ڈی سی کونسلر بشیر احمد نائیک نے مزید بتایا کہ دہائیوں سے مختلف سکیموں سے پینشن حاصل کرنے والے مستحقین اور اسی سالہ بزرگوں سے ڈومیسائل مانگی جارہی ہے کو سراسر زیادتی اور ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ری ویری فکیشن کا حکمنامہ واپس لینا چاہئے اور تحصیلداروں کے ذریعے ویری فکیشن کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرکار اپنے بزرگ شہریوں کو ایسے ہی در در کی ٹھوکروں کیلئے چھوڑنا چاہتی ہے تو اس سے بہتر ہے کہ سرکاری امداد حاصل کرنے والے تمام مستحقین کے کھاتے ہی بند کروائے جائیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ غریب اور نادار لوگوں کی اس آواز کو سنیں اور مناسب کاروائی کریں تاکہ انہیں اس امدادی رقم کا حصول جاری رکھنے کیلئے لمبی چوڑی کاغذی کاروائی کیلئے در در نہ بھٹکنا پڑے۔