ڈینگی متاثرین میں کمی صرف11متاثر، مجموعی تعداد8073

پرویز احمد

سرینگر //جموں صوبے میں ڈینگی متاثرین کی تعداد میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ سوموار کو جموں صوبے میں ڈینگی سے مزید 11افراد متاثر ہوئے ہیں اور اسطرح جموں و کشمیر میں ڈینگی سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 8073ہوگئی ہے۔ اس دوران اتوار کو ڈینگی سے کسی کی جان نہیں گئی ہے اور ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 18بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں وبائی بیماریوں پر نظر گزر رکھنے کیلئے تعینات ڈاکٹر ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموں صوبے میں ڈینگی کی تشخیص کیلئے 136تشخیص ٹیسٹ کئے گئے جن میں 2کمسن بچوں سمیت 11افراد کی جان گئی ہے‘‘۔ڈاکٹر رائے کا کہنا تھا کہ ڈینگی متاثرین میں5خواتین اور 6مرد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے رہائشی علاقوں میں لوگوں کو ڈینگی سے بچائو کی جانکاری فراہم کرنے اور علاقے میں ڈینگی کے پھیلائو کو روکنے کیلئے کیمائی ادویات کے چھڑکائو کی مہم کو شروع کرلیا گیا ہے۔ ڈویژنل نوڈل آفیس جموں کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ضلع جموں میں سب سے زیادہ 6، سانبہ میں 4 اور ادھمپور میں 1شخص کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی رپورٹ آئی ہے جبکہ کٹھوعہ، ریاسی، راجوری،پونچھ،ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ میں کسی کے ڈینگی سے متاثر نہیں ہوا ہے۔ کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی شخص ڈینگی سے متاثر نہیں ہوا ہے اور اسطرح کشمیر میں ڈینگی متاثرین کی تعداد 14بنی ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر میں ابتک ڈینگی کی تشخیص کیلئے 29ہزار713ٹیسٹ جن میں 8073افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔