ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کی گندوہ میں پہلی میٹنگ سروڑی و گونی نے پارٹی کے منشور و آزاد کی حصولیابیوں کو بیان کیا

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کی پہلی عوامی میٹنگ ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ میں منعقد ہوئی جس میں سابق وزیر ڈی اے پی کے سینئر لیڈر غلام محمد سروڑی و سابق ایڈووکیٹ جنرل محمد اسلم گونی نے پارٹی کے منشور و پالیسیوں سے ورکروں کو آگاہ کیا۔ میٹنگ میں ڈی ڈی سی کونسلر بھلیسہ چوہدری محمد اقبال کوہلی، یوتھ لیڈر محبوب مصطفی بٹ سمیت پنچائتی اراکین، سابق پنچائتی نمائندوں و چلی، جکیاس ،چنگا و گندوہ بلاکوں کے کارکنوں نے شرکت کی۔اس دوران نیشنل کانفرنس ،کانگریس و عام آدمی پارٹی کے درجنوں کارکنوں نے ڈی اے پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر جہاں مقررین نے مقامی عوامی مسائل سے انہیں آگاہ کیا وہیں نئی سیاسی جماعت وجود میں آنے پر غلام نبی آزاد کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ محمد اسلم گونی نے اس موقع پر آزاد کی دور حکومت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ قلیل سے عرصہ میں جہاں انہوں نے جموں و کشمیر کے تینوں میں سڑکوں، پلوں، کالجوں، اسکولوں و آنگن واڑی مراکز کا جال بچھایا وہیں 8 نئے اضلاع و درجنوں انتظامی یونٹوں کا قیام عمل میں لا کر ایک تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے آزاد نے صحت کے شعبے میں بھی انقلابی اقدامات اٹھائے اور ایمز، میڈیکل کالجز و ضلع و بلاک سطح پر سینکڑوں ہسپتالوں و طبی مراکز قائم کئے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آپسی اتحاد و اتفاق قائم و دائم رکھتے ڈی اے پی کو مضبوط بنائیں تاکہ آزاد ایک بار پھر سے جموں و کشمیر کی باگ ڈور سنبھالیں۔سابق وزیر غلام محمد سروڑی نے بوتھ و پنچائتی سطح پر ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لئے ورکروں پر زور دیا کہ وہ یکجا ہو کر زمینی سطح پر جاکر ہر فرد کو اس جماعت کے ساتھ جوڑیں اور باقاعدہ طور پر وارڈ و پنچائتی سطح پر الگ الگ ڈھانچے قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ غلام نبی آزاد کی قیادت میں قائم نئی سیاسی جماعت جموں و کشمیر سے بے کاری، بے روزگاری ،مہنگائی و آفیسر شاہی سے عوام کو نجات دلانے تک اپنی جمہوری عمل کے تحت اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے لوگوں سے علاقائی، سیاسی، مذہبی و لسانی بنیادوں سے بالا تر ہو کر ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کی مضبوطی کیلئے تن من دھن سے کام کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران سے جموں و کشمیر کی عوام کو باہر نکالنے میں یہ جماعت غلام نبی آزاد کی قیادت میں ڈی اے پی ایم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے لوگوں سے فرقہ پرست طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنانے و ڈی اے پی کی مضبوطی کیلئے مل جل کر کام کرنے کی اپیل کی۔

بزرگ نیشنل کانفرنس لیڈر ڈی اے پی پی میں شامل
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //بزرگ سیاسی کارکن و نیشنل کانفرنس کے سابق ضلع سیکرٹری الحاج عمر الدین نائک نے غلام نبی آزاد کی ڈیموکریٹک آزاد پارٹی میں باقاعدہ طور پر شمولیت اختیار کی.وہ پچھلے 55 برس سے نیشنل کانفرنس کے ساتھ وابستہ تھے۔نائک نے گذشتہ ماہ ضلع سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا اور آج باقاعدہ طور پر سابق وزیر غلام محمد سروڑی و سابق ایڈووکیٹ جنرل محمد اسلم گونی کی موجودگی میں ڈیموکریٹک آزاد پارٹی میں شامل ہوئے۔اس موقع پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور دونوں لیڈروں نے نیائک کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پارٹی میں آنے سے ڈوڈہ ضلع تنظیم کو مزید مضبوطی ملے گی۔

بے کاری، مہنگائی کا خاتمہ و خوشحال جموں و کشمیر بنانا میرا مقصد :آزاد
لوگوں سے آپسی اتحاد کے ساتھ پارٹی کو مضبوط بنانے کی اپیل
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //بے کاری، بیروزگاری، مہنگائی سے نجات دلانا و خوشحال جموں و کشمیر بنانا ہماری جماعت کا بنیادی ایجنڈا میں شامل ہے ان باتوں کا اظہار سابق وزیر اعلیٰ و چیئرمین ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے بھلیسہ میں ہوئی پارٹی ورکروں کی میٹنگ سے ٹیلیفونک خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ دوران وزیر اعلیٰ سینکڑوں پروجیکٹ انہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کئے تھے ان میں بیشتر پروجیکٹ پروجیکٹ آج بھی ادھورے پڑے ہیں. آزاد نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی، نوکریوں و زمینوں کا تحفظ یقینی بنانے و مقامی لوگوں و تعلیم یافتہ نوجوان کے لئے روزگار کے وسائل پیدا کرنا ان کی جماعت کا بنیادی مقصد ہے جس کے لئے ہر خطہ، طبقہ و فرقہ سے وابستہ جوانوں و بزرگوں کے تعاون کی ضرورت ہے. انہوں نے ورکروں پر زور دیا کہ رات دن محنت کرکے اس جماعت کی مضبوطی کیلئے گاؤں سطح پر کام کریں. انہوں نے کہا کہ وہ عنقریب ہر علاقے کا دورہ کرکے عام لوگوں سے ملاقات کریں گے. آزاد نے ہندو مسلم اتحاد کو قائم و دائم رکھنے پر بھی زور دیا۔