ڈھانگری راجوری ہلاکتوں کی این آئی اے تحقیقات متعدد افراد سے پوچھ تاچھ، 30کے بیانات ریکارڈ

سمت بھارگو

 

راجوری// قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ڈھانگری گاؤں میں دو ملی ٹینٹ حملوں کے سلسلے میںمتعدد افراد سے پوچھ تاچھ کی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر پوچھ تاچھ کا عمل جاری ہے۔ایجنسی کے ذرائع نے بتایا کہ تقریباً 30افراد کے بیانات ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ ان میں 7مہلوکین کے متاثین کے علاوہ گائوں میں سکونت پذیر دیگر لوگ بھی شامل ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ ضلع پولیس لائنز میں مقیم این آئی اے کی ٹیم نے متعدد افراد سے پوچھ تاچھ کرنے کی کارروائی کی ہے اور یہ عمل روزانہ کی بنیاد پر کیا جارہا ہے۔

 

لیکن ابھی تک باضابطہ طور پر کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ڈانگری میں یکم جنوری کوملی ٹینٹوں کی فائرنگ سے دو بھائیوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے، وہیں دو بچے اس وقت ہلاک ہو گئے جب حملہ آوروں کے پیچھے چھوڑا گیا دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) اگلے دن پھٹ گیا۔ متاثرین کا تعلق اقلیتی برادری سے تھا۔ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم 4روز قبل آئی تھی جس نے ڈانگری میں ایک دن کیلئے قیام کیا اور اس دوران تحقیقاتی عمل کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا۔ذرائع نے بتایا کہ اس کیس میں اب تک تقریباً30 لوگوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔تحقیقاتی کا جائزہ روزانہ کی بنیاد پر کیا جارہا ہے اور رپورٹ کا اعلیٰ سطح پر تبادلہ بھی کیا جارہا ہے۔