ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ سے میوہ تاجروں کی ملاقات میوہ منڈی کا قیام ،ٹرانسپورٹ اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال

عازم جان
بانڈی پورہ//ضلع بانڈی پورہ کے میوہ کاشتکاروں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر اویس احمد نے بدھوار کو ان کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔ کاشتکاروں کے وفد نے ڈپٹی کمشنرکو کاشتکاروں اور تاجروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے بانڈی پورہ میں میوہ منڈی کی عدم دستیابی کی وجہ سے کسانوں کو ہونے والے نقصانات، بھاری اور اضافی ٹرانسپورٹ چارجز پر تشویش کا اظہار کیا۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کو مطلع کیا کہ کاشتکاروں کو اپنی پیداوار سوپور یا سرینگر منڈیوں میں فروخت کرنا پڑتی ہے ۔کاشتکاروں نے بانڈی پورہ میں’فروٹ منڈی‘کے قیام کے ساتھ ساتھ اس شعبے کی ترقی کے لیے محکمہ باغبانی سے مشاورت اور رہنمائی کے پروگراموں کا مطالبہ کیا۔ ڈی سی بانڈی پورہ نے وفد کے مسائل اور شکایات کو صبر سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ ٹرانسپورٹ کے مسئلہ کو متعلقہ افراد کے ساتھ اٹھایا جائے گا تاکہ مسئلہ کا ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ میں 5800ہیکٹر باغبانی کی زمین ہے اور اس سیکٹر میں تقریبا 70394ملین ٹن پیداوار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زراعت اور باغبانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور یہ شعبہ کشمیر کے لوگوں کو روزی روٹی فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کے اس شعبے کی حفاظت کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ کاشتکاروں کی بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ محکمہ باغبانی کے افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کئے گئے کہ وہ معیاری پیداوار کے لیے کاشتکاروں سے رابطہ قائم کریں اور فصلوں کی نئی اقسام متعارف کرانے کے لیے کاشتکاروں کو رہنمائی فراہم کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیلدار بانڈی پورہ کوہدایت دی کہ وہ مناسب جگہ پر فروٹ منڈی کے قیام کے لیے زمین کی نشاندہی کریں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ بانڈی پورہ میں میوہ منڈی کے قیام کے لیے ایک مناسب منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ میٹنگ میں پروگرام آفیسر، مشن پوشن چیف،نوڈل آفیسر، کوآرڈی نیٹر، محمد اشرف حکاک، چیف ایگریکلچر آفیسر بانڈی پورہ، چیف ہارٹیکلچر آفیسر، تحصیلدار بانڈی پورہ اور کئی دیگر افسران نے شرکت کی۔