ڈوڈہ کے پہاڑی و میدانی علاقوں میں شدید بارش فصلوں و زرعی شعبے کو پہنچا بھاری نقصان ،رابطہ سڑکیں زیر آب ،ندی نالوں میں طغیانی، کئی عارضی پل بہہ گئے

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پچھلے دو روز سے جاری مسلسل بارشوں کی وجہ سے جہاں ڈوڈہ ضلع میں عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے وہیں ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ ڈوڈہ ٹھاٹھری قومی شاہراہ سمیت بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کی رابطہ سڑکیں زیر آب آئی ہیں۔

اس دوران ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم نے سبھی پولیس چوکیوں کو متحرک رہنے و کسی بھی ایمرجنسی کے دوران نزدیکی پولیس سے رابطہ قائم کرنے کی اپیل کی ہے۔اطلاعات کے مطابق ہفتہ کے روز بعد دوپہر ضلع ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں بارش شروع ہوئی جو اتوار کے روز بھی جاری رہی۔مسلسل بارشوں سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور ضلع بھر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے وہیں زمینداری کے موسم میں فصلوں و زرعی شعبے کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔

اس دوران متعدد علاقوں میں پانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔لوگوںنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ متواتر بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا فصل و گھاس کٹائی کا موسم چل رہا ہے لیکن بارشوں کے نتیجے میں کسان و زمیندار بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کی وجہ سے کئی مقامات پر لکڑی کے عارضی پل سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔ادھر ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم نے ضلع کی پولیس کو چوکس رہنے لوگوں سے کسی بھی مدد کے لئے جاری کئے گئے ہیلپ لائن نمبرات پر رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔اس دوران بھلیسہ و دیگر کئی مقامات پر مساجد سے بھی لوگوں سے اپیل کی گئی کہ خراب موسم کے دوران ندی، نالوں و دریاؤں کے نزدیک جانے سے احتیاط کریں۔