ڈوڈہ میں ٹرک لڑھک کرچناب بُرد،2 افراد غرقآب

اشتیاق ملک

 

ڈوڈہ //محض 24 گھنٹوں کے دوران پیش آنے والے سڑک کے ایک اور دلدو زحادثہ میں ڈوڈہ ضلع کی ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر 2 افراد غرقاب ہوئے ۔ یہ واقعہ منگل کی صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب جموں سے گندوہ کی طرف آرہے ایک مال بردار ٹرک زیر نمبر JK21F/0207 مچھی پال کے نزدیک پیش آیا۔ٹرک حادثہ کا شکار ہو کر تین سو فٹ نیچے دریا میں جا گرا جس میں دو افراد سوار تھے۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور بچاؤ کارروائی شروع کی تاہم غرقآب ہونے والوں کا کوئی سراغ نہیں ملا ۔

 

 

 

لاپتہ ہونے والوں کی شناخت لال حسین ولد امانت علی او رریاض احمد ساکن سانبہ کے طور پر ہوئی ہے۔ایس ڈی ایم ٹھاٹھری اطہر امین زرگر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایس ڈی آر ایف، پولیس، سیول انتظامیہ ،سیکورٹی فورسز و مقامی لوگوں نے مشترکہ طور پر دن بھر تلاشی کارروائی جاری رکھی تاہم کوئی سراغ نہیں ملا ۔انہوں نے کہا کہ ٹرک میں دو افراد سوار تھے۔تحصیلدار درابشالہ ارشاد احمد نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن بھر موقع پر موجود رہے لیکن مسلسل بارش و پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو نے سے بچاؤ کارروائی بھی متاثر رہی۔انہوں نے کہا کہ شام سات بجے سات بجے تک کوئی بھی لاش برآمد نہیں ہوئی ہے۔واضح رہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے میں ڈوڈہ ضلع میں پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور 1 زخمی ہوا ہے۔