ڈوڈہ ضلع میں پولیس شہداء یادگاری ٹورنامنٹ کا آغاز ایس ایس پی نے کاہرہ و گندوہ میں کرکٹ و والی بال ٹورنامنٹس کا افتتاح کیا

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس کی جانب سے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت ضلع بھر میں ‘شہداء یادگاری’ کرکٹ و والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم نے سیول و پولیس انتظامیہ و سیول سوسائٹی کی موجودگی میں ہیلی پیڈ گندوہ و گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ملانوں میں کیا۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم گندوہ ارون کمار بڈیال ،ایس ڈی پی او عادل ریشو، میجر 4 راشٹریہ رائفلز، بی ڈی سی چیئرپرسن فاطمہ چوہدری و ایس ایچ او وکرم سنگھ بھی موجود رہے۔ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس شہداء یادگاری ٹورنامنٹس کے انعقاد کا مقصد جہاں ان جوانوں کو خراج عقیدت پہنچانا ہے جنہوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے وہیں نوجوان نسل کو منشیات سے دور رکھ کر کھیل کود کی طرف مائل کرنا ہے۔انہوں نے نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود کی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے ہنر کا مظاہرہ دکھانے کے ساتھ ساتھ قوم و ملک کا نام روشن کریں۔ گندوہ میں ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ہمالین بھلیسہ و بھلیسہ وائرس کے درمیان کھیلا گیا جس میں ہمالین کی ٹیم نے برتری حاصل کی وہیں کاہرہ میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ملانوں و گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ٹانٹا کے درمیان کھیلا گیا۔ایس ایس پی نے سبھی کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔